کراچی،اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک،سپیشل رپورٹر،نیوز ایجنسیاں)سابق صدر مملکت ممنون حسین علالت کے باعث80سال کی عمر میں انتقال کرگئے ۔ان کے صاحبزادے ارسلان ممنون نے والد کے انتقال کی تصدیق کی اور کہاوالد علیل اور گزشتہ دو ہفتوں سے کراچی کے نجی ہسپتال میں زیرعلاج تھے ، انہیں کینسر کا عارضہ لاحق تھا جو جان لیوا ثابت ہوا، ممنون حسین 2013 ئسے 2018 ئتک پاکستان کے صدر رہے ،ان کا شمار مسلم لیگ ن کے سینئر رہنمائوں میں ہوتا تھا، وزیراعظم عمران خان نے بھی وزارت عظمیٰ کا حلف ان سے ہی لیا تھا۔ممنون حسین پاکستان کے بارہویں صدرتھے ۔ وہ متوسط طبقے سے تعلق رکھنے والے تاجر تھے ۔ممنون حسین 1940ء میں بھارت کے شہر آگرہ میں پیدا ہوئے ۔ قیام پاکستان کے بعد ان کا خاندان نقل مکانی کرکے پاکستان آ گیا۔ انہوں نے انسٹی ٹیوٹ آف بزنس ایڈمنسٹریشن کراچی سے گریجویٹ کیا۔1993 میں جب پاکستان کے سابق صدر غلام اسحاق خان نے نواز شریف کی حکومت برطرف کی تو ان دنوں ہی ممنون حسین شریف برادران کے قریب ہوئے ،بعد میں وہ مسلم لیگ سندھ کے قائمقام صدر سمیت دیگر عہدوں پر فائز رہے ۔ ممنون حسین 1997 میں سندھ کے سابق وزیر اعلیٰ لیاقت جتوئی کے مشیر رہے ، 1999 میں انہیں گورنر مقرر کیا گیا مگر صرف چھ ماہ بعد ہی نواز شریف کی حکومت کا تخہ الٹ گیا اور وہ معزول ہو گئے ۔صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی اور وزیر اعظم عمران خان نے سابق صدر ممنون حسین کے انتقال پر گہرے رنج وغم کا اظہار کرتے ہوئے کہا اللہ تعالیٰ مرحوم کو اپنے جوار رحمت میں جگہ عطا فرمائے اور اہل خانہ کو صبر جمیل عطا فرمائے ۔ چئیرمین سینٹ صادق سنجرانی نے کہا اللہ مرحوم کے درجات بلند کرے ۔آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ اور نیول چیف نے کہااللہ تعالی مرحوم کی مغفرت کرے اوران کے خاندان کو صدمہ برداشت کرنے کی ہمت عطا فرمائے ۔آرمی چیف نے مرحوم کے درجات کی بلندی کیلئے دعا بھی کی۔سینیٹر فیصل جاوید،امیر جماعت اسلامی سراج الحق،سربراہ جے یو آئی مولانا فضل الرحمان ودیگر نے بھی ممنون حسین کے انتقال کوبڑا سیاسی خلا قرار دیا۔ سپیکراسد قیصر، ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی قاسم خان سوری اور وزیر اعظم آزاد کشمیر راجہ فاروق حیدر نے کہاممنون حسین کی ملک کیلئے خدمات پر خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔وفاقی وزیر اطلاعات فواد چودھری،وزیر ریلوے اعظم خان سواتی نے تعزیتی پیغامات میں کہا سابق صدر کی ملک کے لیے خدمات پر خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔مسلم لیگ(ن) کے صدر شہباز شریف نے کہاہم پاکستان سے محبت کرنے والے صاحب کردار اور درد دل رکھنے والے قیمتی شخص سے محروم ہوگئے ۔وہ نواز شریف کے ایک بااعتماد، وفاشعار اور نظریاتی ساتھی تھے ،ملک و قوم کے لیے ان کی خدمات تادیر یاد رکھی جائیں گی۔نائب صدر ن لیگ مریم نوازاور حمزہ شہباز نے کہاممنون حسین ایک مخلص شخص تھے جنہوں نے پوری ایمان داری کے ساتھ پاکستان کی خدمت کی۔صدر عوامی نیشنل پارٹی اسفندیار ولی خان نے کہا دکھ کی اس گھڑی میں لواحقین کے ساتھ غم میں برابر کے شریک ہیں۔