کراچی(کامرس رپورٹر) رواں مالی سال کے دوران جاری کھاتوں (سی ای) میں 72 فیصد کی نمایاں کمی ہوئی ہے ۔ سٹیٹ بینک آف پاکستان (ایس بی پی) رپورٹ کے مطابق جاری مالی سال کے ابتدائی 7 ماہ میں جولائی تا جنوری 2019-20 کے دوران پاکستان کے حسابات جاریہ کے خسارہ میں 6.825 ارب ڈالر کی کمی سے جاری کھاتوں کا خسارہ 2.654 ارب ڈالر تک کم ہو گیا ہے ۔ایس بی پی کے مطابق گزشتہ مالی سال میں اسی عرصہ کے دوران ملک کا جاری کھاتوں کا خسارہ 9.479 ارب ڈالر رہا تھا۔ رپورٹ کے مطابق دسمبر 2019 کے مقابلہ میں جنوری 2020 کے دوران خسارہ میں 77.32 فیصد اضافہ سے خسارہ کا حجم 555 ملین ڈالر رہا ہے جبکہ دسمبر 2019 کے دوران جاری کھاتوں کا خسارہ 313 ملین ڈالر رہا تھا تاہم جنوری 2019 کے مقابلہ میں جنوری 2020 کے دوران جاری کھاتوں کا خسارہ 35.84 فیصد کم ہو گیا۔