اسلام آباد(سپیشل رپورٹر، لیڈی رپورٹر،92 نیوز رپورٹ، مانیٹرنگ ڈیسک )وزیر اعظم عمران خان نے وفاقی دارالحکومت میں آئسولیشن ہسپتال اور وبائی امراض کے علاج کے جدید مرکز کے افتتاح کر دیا۔ انہوں نے قوم سے عیدالاضحی سادگی سے منانے کی بھی اپیل کی ۔ افتتاحی تقریب میں وفاقی وزرا،آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ،چیئرمین این ڈی ایم اے اور چینی سفیر بھی موجود تھے ۔افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم عمران خان نے کہا کم وقت میں ایسی سہولت ہمارے ملک کیلئے خوش آئندہے ۔ کورونا وبا اور لاک ڈاؤن کی مشکل صورتحال کے باوجود قلیل مدت میں جدید ہسپتال بنانے پر این ڈی ایم اے کو پور ی قوم کی جانب سے خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔قوم کو کہنا چاہتاہوں مشکل وقت سے نکل آئے لیکن عید الفطر کی طرح لا پرواہی نہ کرنا،گزشتہ عید پر بدقسمتی سے لا پرواہی کی تو وائرس تیزی سے پھیلا اور اموات بھی ہوئیں ۔اگرلوگوں نے لاپروائی برتی تووائرس تیزی سے پھیلے گا۔ عوام سے اپیل ہے عید الاضحی کے ایس او پیز پر عمل کریں ۔ حکومت نے کورونا کی روک تھام کیلئے لاک ڈاؤن لگایا، این سی او سی نے ہدایات جاری کیں جس پر عملدرآمد کیلئے صوبائی حکومتوں نے تعاون کیا جس کے باعث جولائی میں وبا کی شدت ہماری توقع سے کم رہی۔ہم ان ممالک میں شامل ہو چکے جہاں وائرس نیچے جا رہا ہے ۔ دیگر ممالک کے مقابلہ میں پاکستان میں کم اموات ہوئی ہیں۔ عید قربان پر لاپرواہی ہوئی تو دوبارہ وائرس کے پھیلنے کا خدشہ ہے ۔اگر ہم احتیاط کریں گے تو دنیا کے مقابلے میں مشکل صورتحال میں بہتر انداز سے نکلیں گے ۔ چیئرمین این ڈی ایم اے لیفٹیننٹ جنرل افضل نے وزیر اعظم کو ہسپتال میں موجود سہولیات پر بریفنگ دی۔ 250 بستروں پر مشتمل یہ ہسپتال 40 دن کی ریکارڈ مدت میں تعمیر کیا گیا ۔ ہسپتال پر 98 کروڑ روپے لاگت آئی ۔وزیر اعظم سے گورنر سندھ عمران اسمعیل نے ملاقات کی۔ملاقات میں صوبہ سندھ خصوصاً کورونا کی صورتحال کے حوالے سے تبادلہ خیال کیاگیا ۔گورنر سندھ نے کورونا کے حوالے سے وزیر اعظم کے وژن اور کامیاب حکمت عملی کو سراہا۔ ملاقات میں کے الیکٹرک کے معاملات پر بھی گفتگو کی گئی ۔وزیراعظم نے وفاقی وزیر اسد عمر،معاون خصوصی شہزاد قاسم اور گورنر سندھ کو ہدایت کی کہ کے الیکٹرک انتظامیہ سے جلد ملاقات کی جائے تاکہ مسائل کا حل ممکن بنایا جا سکے ۔ وزیراعظم سے وزیراعظم معائنہ کمیشن کے چیئرمین احمد یار ہراج نے ملاقات کی ۔ملاقات میں مختلف محکموں بشمول اکاؤنٹنٹ جنرل پاکستان کی کارکردگی کے بارے میں وزیراعظم کو آگاہ کیا گیا ۔وزیراعظم سے تحریک انصاف کی قائمہ کمیٹی برائے نظم و احتساب کے چیئرمین سلمان آفتاب نے ملاقات کی۔ملاقات میں کمیٹی کی کارکردگی سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیاگیا۔ وزیراعظم نے قائمہ کمیٹی کی کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہاآئین کی پاسداری اور نظم کی اطاعت کو تنظیمی وجود میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت حاصل ہے ۔جماعتی نظم و ضبط کی پابندی ہر کارکن کی اولین ترجیح ہونی چاہئے ، کسی کو بھی حدود پھلانگنے یا نظم کے دائرے سے نکلنے کی اجازت نہیں۔ جزاو سزا کے مؤثر نظام کے بغیر تحریک انصاف کو جدید سیاسی ادارہ بنانے کا ہدف حاصل نہیں کرسکتے ۔