سوات،کامونکے ، سادھوکے ،سیالکوٹ (نمائندگان ،مانیٹرنگ ڈیسک)سوات میں ن لیگ کے کنونشن سے خطاب کے بعد شہبازشریف جونہی روانہ ہوئے تو کارکن آپس میں گتھم گتھا ہوگئے ۔ن لیگ کے دو گروپوں میں لاتوں اور گھونسوں کا آزادانہ استعمال ہوا۔جھگڑے کی فوٹیج بنانے پر نجی ٹی وی کا کیمرہ بھی توڑ دیا اور کیمرہ مین پر تشدد کیا۔مقامی عمائدین نے مداخلت کرکے جھگڑے کو ختم کرایا۔سیالکوٹ سے رپورٹر کے مطابق تحریک انصاف کے کارکن کو زدکوب کرنے ، گالیاں دینے اور سنگین نتائج کی دھمکیاں دینے والے 27 لیگی کارکنان کیخلاف مقدمہ درج کرلیا گیا۔ تھانہ نیکاپورہ کے علاقہ ظفر محلہ نیکاپورہ میں مدعی محسن خان کیمطابق وہ پی ٹی آئی کے ریلی کے ساتھ جارہاتھا کہ مسلم لیگ کے کارکنان شہباز، اعجاز اور25 نامعلوم افراد نے چھری کے وار کرکے اسے زخمی کیا۔ گالیاں دی اور سنگین نتائج کی دھمکیاں بھی دیں۔ پولیس نے مقدمہ درج کرکے تفتیش شروع کردی۔ ٹبہ محمد نگر میں پی ٹی آئی اور مسلم لیگ(ن) کے کارکنوں میں گالم گلوچ اور نعرے بازی ہوئی۔ پی ٹی آئی کارکنوں نے مسلم لیگ(ن) کے انتخابی دفتر پرحملہ کردیااور توڑ پھوڑ کی۔انتخابی دفتر کے مالک شعیب نے الزام لگایا کہ پی ٹی آئی امیدوار احسان اﷲ ورک نے اُسے مسلم لیگ(ن) کا انتخابی دفتر کھولنے پر دھمکیاں دی تھیں ۔ پولیس نے احسان اﷲ ورک سمیت 28 افراد کیخلاف مقدمہ درج کرلیا گیا۔گوجرانوالہ کے علاقے شاہین آباد میں ن لیگ اور تحریک انصاف کے ارکان کی ایک دوسرے کیخلاف نعرے بازی نوبت ہاتھا پائی تک پہنچ گئی۔کارکنوں نے ایک دوسرے پر گھونسوں اورمکوں کی بارش کردی۔