اسلام آباد(صباح نیوز،این این آئی) سیکرٹری خارجہ سہیل محمود نے کہا ہے کہ پاکستان خطے میں باہمی تعاون سے ترقی کے مواقع فراہم کرنے پر یقین رکھتا ہے ،سارک فورم کہ مشترکہ کوششوں کے باوجود جنوبی ایشیا کو بہت سے چیلنجز کا سامنا ہے جن سے نمٹنے کیلئے ہمیں مشترکہ لائحہ عمل اختیار کرنا ہو گا،ان خیالات کا اظہار انہوں نے 35ویں سارک چارٹر ڈے کے حوالے سے وزارت خارجہ میں تقریب سے خطاب میں کیا،تقریب میں سارک ممالک کے سفرا ئاور وزارت خارجہ حکام نے شرکت کی،اس موقع پر ڈائریکٹر انرجی سارک کی طرف سے خصوصی انرجی سٹال بھی لگایا گیا جس میں پسماندہ علاقوں کے عوام کیلئے انرجی سلوشنز کے ماڈل پیش کئے گئے اورسارک چارٹر ڈے کے حوالے سے کیک کاٹا گیا۔تقریب سے خطاب میں سیکرٹری خارجہ سہیل محمود نے کہا کہ 1985کو سارک چارٹر کے ذریعے اس عزم کا اظہار کیاگیا کہ جنوبی ایشیا سے غربت کے خاتمے اور مسائل کے پر امن حل کیلئے مشترکہ کاوشوں کو بروئے کار لایا جائے گا ، چارٹر ڈے غربت ،جہالت اور بیماریوں کے خاتمے کے عزم کی یاد دلاتا ہے ۔ پاکستان سارک پراسس کو کامیاب بنانے کیلئے پر عزم ہے ، پاکستان خطے میں باہمی تعاون سے ترقی کے مواقع فراہم کرنے پر یقین رکھتا ہے ۔ اس موقع پر خطاب میں مالدیپ کے سفیر احمد سلیم نے کہا کہ سارک فورم جنوبی ایشیا میں غربت کے خاتمے اور معاشی استحکام کیلئے معرض وجود میں آیا۔ہمیں دیرپا ترقی اور دیگر اہداف کے حصول کیلئے مشترکہ کاوشیں کرنا ہونگی،انہوں نے کہا کہ آج کا دن ہمیں اپنے عزم کا اعادہ کرنا ہے کہ ہم سارک کے پلیٹ فارم سے غربت کے خاتمے اور معاشی استحکام کے خواب کو شرمندہ تعبیر کرینگے ۔