فیصل آباد (سٹی رپورٹر) قومی ایئرلائن پی آئی اے کی لاجواب سروس نے ایک اور کارنامہ دکھا دیا، مدینہ منورہ سے فیصل آباد آنے والی پرواز 9 مسافروں کو ایئرپورٹ پربے یارومددگار چھوڑ آئی، پی آئی اے کے مینجر عرفان نے بغیر کسی وجہ کے مسافروں کو جہاز میں بٹھانے سے انکار کردیا ، ان کے اس اقدام کے نتیجے میں ایک طرف قومی ائیر لائن کو 15 لاکھ روپے کے نقصان کا سامنا کرنا پڑا تو دوسری جانب مسافروں کو تمام رات اذیت میں گزارنا پڑی اور نئے ٹکٹس خریدنا پڑے ۔تفصیلات کے مطابق پی آئی اے کی مدینہ منورہ سے آنے والی پرواز 9 مسافروں کو ایئرپورٹ پر ہی چھوڑ کر فیصل آباد ائیرپورٹ پر پہنچ گئیا پی آئی اے کی پرواز پی کے 718 اتوار کی شب 11 بجکر35 منٹ پرمدینہ منورہ سے روانہ ہوئی، مسافروں کا کہنا تھا کہ وہ جہاز کی روانگی کے وقت سے کئی گھنٹے پہلے ہی ایئرپورٹ پرپہنچ چکے تھے تاہم اس کے باوجود انہیں جہاز پرسوار نہیں کیا گیا،انہوں نے مدینہ منورہ میں پی آئی کے مینجر عرفان سے رابط کیا تو انہوں نے ان کے ساتھ سخت رویہ اختیار کیا اور جہاز پر سوار نہیں کرایا،مدینہ منورہ میں رہ جانے والے 9 افراد نے مشکل سے پیسوں کا انتظام کرکے ہوٹل میں قیام کیا اور نئی ٹکٹس خریدیں۔مسافروں کا کہنا تھا کہ منیجرعرفان کا مسافروں سے ناروا سلوک معمول کی بات ہے ، آئے روز مسافروں کی تذلیل کے ساتھ سفری مشکلات پیدا کی جا رہی ہیں تاہم اعلی حکام معاملات سے باخبر ہونے کے باوجود فیصل آباد سے تعلق رکھنے والے مینجرعرفان کے خلاف کارروائی سے گریزاں ہیں۔ شہریوں کا پی آئی اے حکام سے مطالبہ ہے کہ اس مقدس شہر میں کسی دیانتدار آفیسر کو تعینات کیا جائے جو مسافروں کے لیے مشکلات پیدا نہ کرے ۔