اسلام آباد (این این آئی)پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے )کی طرف سے جاری کردہ سالانہ رپورٹ برائے سال 2019-2018 کے مطابق، ٹیلی کام کے شعبے نے ٹیکسوں، ڈیوٹیوں اور محصولات کی مد میں قومی خزانے میں 96 ارب سے زائد رقم جمع کرائی، سیکٹر میں 636ملین ڈالر کی سرمایہ کاری ہوئی جبکہ سیکٹر کا مجموعی ریونیو 552 ارب روپے رہا۔ دوران سال شعبے میں 236 ملین امریکی ڈالر کی براہ راست سرمایہ کاری (ایف ڈی آئی) ہوئی۔ سالانہ رپورٹ میں پی ٹی اے اور ٹیلی کام کے شعبے کی سال 2018-19کی کارکردگی کا ایک جامع جائزہ پیش کیا گیا۔ ہے ۔ پی ٹی اے کی سالانہ رپورٹ ’’پاکستان ٹیلی کام تنظیم نو ایکٹ 1996‘‘کے سیکشن 18 کے تحت ہر سال شائع کی جاتی ہے جس میں گزشتہ سال کی کارکردگی بیان کی جا تی ہے ۔پی ٹی اے کی سالانہ رپورٹ کے مطابق، ٹیلی کام کے شعبے میں سبسکرپشن، آمدنی اور ٹیلی ڈینسٹی کے لحاظ سے مثبت ترقی کا عمل جاری رہا۔ اس شعبے میں صارفین میں متوازن ترقی دیکھنے میں آئی اور سالانہ بنیادوں پر ترقی کی شرح 7 فیصد رہی اور مالی سال 2018-19 کے اختتام پر مجموعی طور پر صارفین کی تعداد 163.5 ملین ہوگئی ٹیلی ڈینسٹی کی مجموعی شرح 77.7 فیصد تک پہنچ گئی۔