نئی دہلی (نیٹ نیوز) بھارت میں انتہاپسند حکمران جماعت بی جے پی کے سربراہ امیت شاہ نے کہا ہے کہ مودی کی حکومت آسام کو ایک اورکشمیرنہیں بننے دے گی، اس لئے نیشنل رجسٹر آف سٹیزنز کا بل (این آرسی) لایا گیا ہے ۔عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے امیت شاہ نے مزید کہا این آر سی کے ذریعے دراندازوں کی شناخت کی جائیگی اور بی جے پی آسام کو تمام بیرونی لوگوں سے چھٹکارا دلائے گی، ہمارا وعدہ ہے کہ ہم آسام کو دوسرا کشمیر نہیں بننے دیں گے ۔ یہ بل صرف آسام اور دیگر شمال مشرقی ریاستوں کیلئے نہیں بلکہ پورے ملک کیلئے ہوگا۔امیت شاہ نے پلوامہ حملے کا الزام پاکستان پر لگاتے ہوئے کہا کہ ہمارے جوانوں کی قربانی رائیگاں نہیں جائیگی کیونکہ مرکز میں کانگریس کی نہیں بلکہ مودی کی حکومت ہے ۔اپوزیشن جماعت کانگریس اور آسام کی مقامی سیاسی جماعتوں نے بیان پر امیت شاہ کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ بی جے پی نے باتیں کرنے کے سوا کچھ نہیں کیا۔