تمام مکاتب فکر کے جید علمائے کرام پر مشتمل وفد نے منگل کے روز اسلام آباد میں سری لنکا کے ہائی کمشن کا دورہ کیا اور ہائی کمشنر سے ملاقات کر کے سیالکوٹ واقعہ پر اظہار تعزیت کیا۔علماء کرام نے جمعہ 10دسمبر کو واقعہ کے خلاف تمام مساجد اور امام بارگاہوں میں یوم مذمت منانے کا اعلان کیا ہے۔علماء کرام کا کہنا تھا کہ اس سانحہ میں ملوث ملزموں کو سخت سزا دی جا ئے گی ۔علمائے کرا م کا سری لنکن ہائی کمشنر سے اظہار تعزیت اور جمعہ کو اس اندوہناک واقعہ پر اظہار غم اور اس کے خلاف یوم مذمت منانے کا اعلان انتہائی مثبت اقدام ہے جس کی جتنی بھی تعریف کی جائے کم ہے۔ علمائے کرام کی جانب سے متاثرہ خاندان سے اظہار ہمدردی اس امر کا بین ثبوت ہے کہ علماء کرام شدت پسندی کو دین اور ملک کے ساتھ دشمنی سمجھتے ہیں اور وہ کسی بھی انسانیت سوز کارروائی کی حمایت نہیں کرتے ۔اس واقعہ میں ملوث عناصر اسلا می تعلیمات سے بیگانہ ہیں اوریہ کارروائی انتہائی غیر اسلامی، غیرانسانی اورملکی قوانین کی صریح خلاف ورزی ہے۔ علمائے کرام نے اس امر کی یقین دہائی کرائی کی اس سانحہ میں ملوث تمام عناصر کو سخت سزا دلائی جائے گی اور اس واقعہ سے پاک سری لنکا تعلقات متاثر نہیں ہونگے۔ علمائے کرام کی جانب سے شدت پسندی کے اس قسم کے واقعات پر اظہارمذمت سے پاکستانی معاشرے میں نہ صرف بھائی چارے کے جذبات فروغ پائیں گے بلکہ مستقبل میں ایسے انسا نیت سوز سانحات کا مذہبی سطح پر قلع قمع کرنے کا باعث بھی بنے گا۔