اسلام آباد،ملتان،پشاور (این این آئی،آن لائن،صباح نیوز)سوڈا ن سے 252 ،دبئی سے 438 افراد خصوصی پروازوں سے وطن واپس پہنچ گئے جنہیں سکریننگ اور طبی جانچ کے بعد قرنطینہ مراکز اور ہوٹل منتقل کردیا گیا۔ ترجمان پی آئی اے کے مطابق دبئی سے نجی ایئرلائن کے ذریعے 250 افراد پشاور اور 188 ملتان پہنچ گئے ۔ خرطوم میں پاکستانی سفارتخانہ نے بتایاکہ وطن واپس روانہ ہونے والے پاکستانیوں کو پرواز پی کے 786 کے ذریعہ واپس بھیجا گیا۔ سوڈان میں پاکستانی سفیر ظفر سپرا نے پاکستانیوں کو ایئرپورٹ پر الوداع کیا۔ادھرترجمان کے مطابق پی آئی اے کی پرواز ٹورنٹو، کینیڈا سے علامہ اقبال ائیر پورٹ لاہور پہنچ گئی ہے ۔ادھرپی آئی اے کی خصوصی پرواز افریقہ میں پھنسے پاکستانی شہریوں کوواپس لانے کیلئے 4 مئی کو کراچی سے ایتھوپیا کیلئے روانہ ہوگی۔ترجمان پی آئی اے کے مطابق پی آئی اے کی پرواز 200 سے زائد افریقی شہریوں کو لے کر کراچی سے روانہ ہو گی جبکہ ایتھوپیا سے 250 سے زائد پاکستانیوں کو لے کر کراچی پہنچے گی۔ پی آئی اے کی پہلی پرواز7 مئی کو اسلام آباد سے واشنگٹن روانہ ہوگی۔پی آئی اے کا بو ئنگ 777 امریکہ کیلئے خالی روانہ ہو گا اور یہ خصوصی پرواز واشنگٹن سے 300 سے زائد پاکستانیوں کولے کر اسلام آباد پہنچے گی۔