اسلام آباد(سپیشل رپورٹر ،92 نیوزرپورٹ ) وزیراعظم عمران خان نے نیشنل ایمرجنسی ہیلپ لائن قائم کرنے کیلئے پی ایم ڈلیوری یونٹ کو ٹاسک سونپ دیا۔وزیراعظم آفس سے جاری بیان کے مطابق سانحہ موٹروے کیس کو مدنظر رکھتے ہوئے حکومت نے نیشنل ایمرجنسی ہیلپ لائن قائم کرنے کا فیصلہ کیاہے ، اس حوالے سے وزیر اعظم نے پی ایم ڈلیوری یونٹ کو ٹاسک سونپا اور پی ایم ڈلیوری یونٹ نے نیشنل ایمرجنسی ہیلپ لائن پر کام کا آغاز کر دیا ہے ۔ وزیر اعظم نے نیشنل ہیلپ لائن نمبرکا قیام دو ماہ میں مکمل کرنے کی ہدایت کی ہے ۔ نیشنل ایمرجنسی ہیلپ لائن کیلئے الگ نظام تشکیل دیا جائے گا،ملک کے تمام ایمرجنسی ہیلپ لائن نمبرز کو نئے نظام سے منسلک کیا جائے گا، کسی بھی ناگہانی صورت میں شہری نیشنل ہیلپ لائن نمبر کے ذریعے فوری مدد حاصل کر سکیں گے جو ٹول فری ہوگا۔ سسٹم میں جدید ٹیکنالوجی کا استعمال کیا جائے گا اور ملک کی تمام موبائل کمپنیوں سے معاونت حاصل کی جائے گی، نظام کو موثر اور مستحکم بنانے کیلئے قانون سازی کی جائے گی جس کیلئے صوبوں سے بھی مشاورت ہو گی۔