پشاور، اسلام آباد(سٹاف رپورٹر، ایجنسیاں) سپریم کورٹ آف پاکستان کی جانب سے سانحہ آرمی پبلک سکول (اے پی ایس)کی تحقیقات کے لیے قائم کیے گئے انکوائری کمیشن نے اپنی کارروائی مکمل کرلی جس کی سربمہر رپورٹ عدالت عظمیٰ میں جمع کرادی گئی۔انکوائری کمیشن کے فوکل پرسن عمران اللہ کے مطابق سانحہ آرمی پبلک سکول کی رپورٹ تین ہزار صفحات پر مشتمل ہے ،کمیشن کی جانب سے سانحہ میں شہید ہونے والے بچوں کے والدین سمیت 132 افراد کے بیانات ریکارڈ کئے گئے جن میں 101 گواہ، 31 پولیس، آرمی اور دیگر آفیسرز کے بیانات شامل ہیں،آرمی پبلک سکول کیلئے قائم انکوائری کمیشن نے تفصیلی سربمہررپورٹ چیف جسٹس آف پاکستان کو پیش کردی ۔16 دسمبر2016کوپشاورکے آرمی پبلک سکول میں تخریب کاروں نے خون کی ہولی کھیلی تھی،سانحہ میں شہیدہونیوالے طلبہ اورعملے کے ورثا کی درخواست پرسابق چیف جسٹس میاں ثاقب نثار 2018ء میں تحقیقات کیلئے کمیشن قائم کیا تھا،جس کی سربراہی پشاور ہائیکورٹ کے جج جسٹس محمد ابراہیم خان کررہے تھے ۔