لاہور(کرائم رپورٹر،مانیٹرنگ ڈیسک ) سانحہ ماڈل ٹاؤن پر قائم نئی مشترکہ تحقیقاتی ٹیم( جے آئی ٹی) نے مقدمہ میں نامزد مسلم لیگ ن کے قائد وسابق وزیر اعظم میاں نواز شریف سے کوٹ لکھپت جیل میں 2گھنٹے تک پوچھ گچھ کی اور انکا بیان ریکارڈ کرلیا۔ گزشتہ روز محکمہ داخلہ پنجاب کی اجازت کے تحت آئی جی موٹر وے اے ڈی خواجہ کی سربراہی میں قائم جے آئی ٹی نواز شریف کا بیان قلمبند کرنے کیلئے لاہور کی کوٹ لکھپت جیل پہنچی ،اس موقع پر پولیس کی طرف سے سکیورٹی کے مکمل انتظامات کئے گئے تھے ۔جیل ذرائع کے مطابق جے آئی ٹی نے نواز شریف سے سانحہ ماڈل ٹائون سے متعلق متعدد سوالات کئے اور انکا بیان ریکارڈ کیا۔ نواز شریف نے 2گھنٹے تک جے آئی ٹی کے تمام سوالوں کے جواب تحمل کیساتھ دیئے ۔جے آئی ٹی نے سابق وزیر اعظم سے سانحہ ماڈل ٹاؤن کے بعد اٹھائے گئے اقدامات سے متعلق بھی سوال کئے ۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ جے آئی ٹی کی تفتیش آخری مراحل میں داخل ہوچکی ہے اور جلد ہی رپورٹ حکومت کو فراہم کردی جائیگی۔قبل ازیں سانحہ ماڈل ٹاؤن کیس میں جے آئی ٹی ن لیگ کے صدر و اپوزیشن لیڈر قومی اسمبلی اورسابق وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف کا بیان ریکارڈ جبکہ خواجہ آصف، رانا ثنا اﷲ اور پرویز رشید سمیت مقدمہ میں نامزد 6 سابق وزرا سے بھی پوچھ گچھ کرچکی ہے ،جے آئی ٹی 85 سے زائد عینی شاہدین اور90 پولیس اہلکاروں اور افسروں کے بیان بھی ریکارڈ کرچکی ہے ۔