لاہور ،اسلام آباد(سٹاف رپورٹر،خبر نگار خصوصی) جماعت اسلامی وسطی پنجاب کے زیر اہتمام موٹروے واقعہ اور جنسی جرائم میں اضافے کے خلاف پنجاب اسمبلی سے احتجاجی مارچ کیا جوکہ ایوان وزیر اعلی کے قریب کلب چوک پہنچ کر دھرنے کی صورت اختیار کرگیا ،دھرنے سے جماعت اسلامی پاکستان کے مرکزی امیر سینیٹرسراج الحق ،امیرالعظیم ، سیکرٹری جنرل امیر العظیم ،نائب امیر لیاقت بلوچ ،ڈاکٹر فرید احمد پراچہ ، امیر جماعت اسلامی شمالی پنجاب ڈاکٹر طارق سلیم ،علامہ ابتسام ا لٰہی ظہیر ،پنجاب وسطی کے امیرجاوید قصوری ،پنجاب وسطی کے سیکرٹری جنرل حافظ بلال قدرت بٹ ،جے آئی یوتھ کے صدر زبیر احمد گوندل ،لاہور کے امیر ذکر اللہ مجاہدنے خطاب کیا۔کلب چوک میں احتجاج کے شرکائسے خطاب کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ حکومت اور دو بڑی جماعتیں میچ فکسنگ کرتی ہیں۔ تینوں بڑی جماعتیں بین الاقوامی ایجنڈا پر ایک ہیں اور مل کر آئی ایف اور ورلڈ بنک کی غلامی کے قانون بناتی ہیں۔تبدیلی چھوٹے ملازمین کے تبادلوں سے نہیں حکمرانوں کو بدلنے سے آئے گی۔ علاوہ ازیں امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق نے بحرین و متحدہ عرب امارات کے اسرائیل کے ساتھ سفارتی تعلقات کے معاہدہ کو مسترد کرتے ہوئے اپنے بیان میں کہاہے کہ اسرائیل ناجائز ریاست ہے اور مسلمانوں کے ملک پر قبضہ کر کے بنائی گئی ہے ۔ اسرائیل پچھلے 71 سال سے مسلمانوں کے قبلہ او ل پر قابض ہے اور فلسطینی مسلمانوں کا قتل عام کر رہاہے ۔ پاکستانی قوم اپنے فلسطینی بھائیوں اور ان کی جدوجہد کا ساتھ دیتی رہے گی اور جب تک بیت المقدس آزاد نہیں ہو جاتا ، ہماری جدوجہد جاری رہے گی ۔