لاہور ( کرائم رپورٹر ، سپیشل رپورٹر ) سانحہ پی آئی سی میں 2 پولیس افسروں کو قصور وار قرار دے دیا گیا۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ایس ایس پی آپریشنز محمد نوید اور ایس پی سول لائنز دوست محمد کی غفلت اور نااہلی کے باعث سانحہ پی آئی سی رونما ہوا۔ذرا ئع کے مطا بق وزیراعلیٰ پنجا ب عثمان بزدار کے احکامات پر سانحہ پی آئی سی کی تحقیقات کے لیے تشکیل دی گئی کمیٹی نے رپورٹ گزشتہ روز پیش کر دی ،ایڈیشنل آئی جی اظہر حمید کھوکھر نے وزیر اعلیٰ پنجاب کو پی آئی سی میں ہنگامہ آرائی اور توڑ پھوڑ کے واقعہ کی انکوائری رپورٹ پیش کر دی، انکوائری رپورٹ میں غفلت کے مرتب پولیس افسروں کی نشاندہی کردی گئی ،جس کے مطابق ایس پی سول لائنز دوست محمد وکلا ریلی کے دوران موقع پر ہی نہ پہنچے جبکہ ایس ایس پی آپریشنز محمد نوید موقع پر پہنچ کر بھی کوئی فیصلہ نہ لے سکے ،رپورٹ میں مزید کہا گیا کہ ہسپتال کے قریب تعینات پولیس فورس کو مناسب طریقے سے گائیڈ نہیں کیا گیا۔ ہنگامہ آرائی کے وقت بروقت فیصلے کرنے کی ضرورت تھی جو نہیں کیے گئے ۔ فیصلے کرنے میں ہچکچاہٹ کی وجہ سے صورتحال میں خرابی پیدا ہوئی۔ رپورٹ کے نتائج کی روشنی میں آئندہ صوبائی کابینہ کے اجلاس میں دونوں افسران کے خلاف کارروائی کا فیصلہ کیا جائے گا۔ وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار تحقیقاتی کمیٹی کی رپورٹ کی روشنی میں آئندہ اقدامات کا حکم دیں گے ۔