کراچی (کامرس رپورٹر )عید الاضحیٰ کی سرکاری تعطیلات کے بعدپاکستان سٹاک ایکس چینج میں کاروباری ہفتے کے پہلے روز(پیر) کوتیزی کا رجحان رہا۔ کے ایس ای100انڈیکس613.17پوائنٹس اضافے سے 39871.61پوائنٹس کی بلند سطح پر جا پہنچا ۔تیزی کے سبب مارکیٹ کے سرمائے میں 95 ارب روپے کااضافہ ریکارڈ کیا گیاجس کی وجہ سے سرمائے کا مجموعی حجم 74کھرب روپے کے قریب آگیا ۔مارکیٹ میں69فیصد حصص کی قیمتیں بھی بڑھ گئیں ۔گزشتہ روز سیمنٹ ،توانائی،فوڈز اور بینکنگ سیکٹرز میں خریداری کا رجحان دیکھا گیا اور کاروبار کے اختتام پر کے ایس ای100انڈیکس میں 613.17پوائنٹس کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا ۔اسی طرح کے ایس ای30انڈیکس250.44پوائنٹس اضافے سے 17070پوائنٹس سے بڑھ کر 17320.46پوائنٹس جبکہ کے ایس ای آل شیئرز انڈیکس 27559.26پوائنٹس سے بڑھ کر 27896.15پوائنٹس پر آگیا ۔دریں اثنا فاریکس ایسوسی ایشن آف پاکستان کی رپورٹ کے مطابق پیر کو انٹر بینک میں روپے کے مقابلے ڈالر کی قدر میں55پیسے کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا جس سے ڈالر کی قیمت خرید 166.95سے بڑھ کر167.50 اور قیمت فروخت167.25 سے بڑھ کر167.80روپے ہو گئی تاہم مقامی اوپن کرنسی مارکیٹ میں ڈالر کی قیمت خرید 166.80روپے اور قیمت فروخت167.30روپے پر بدستور برقرا ر رہی ۔