کراچی (کامرس رپورٹر) پاکستان اسٹاک مارکیٹ منگل کو بھی شدید مندی چھائی رہی جس کے نتیجے میں کے ایس ای100انڈیکس39ہزار کی نفسیاتی حد سے گرتے ہوئے 285.28پوائنٹس کی کمی سے 38858.45پوائنٹس کی سطح پرآگیاجب کہ فروخت کے دباو کے سبب 48.21فیصد کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں کمی ریکارڈکی گئی جس کی وجہ سے سرمایہ کاروں کو61ارب90کروڑ78لاکھ روپے کا نقصان اٹھاناپڑااور کاروباری حجم بھی پیرکی نسبت13.81فی صد کم رہا۔پاکستان اسٹاک ایکس چینج میں منگل کو بھی ٹریڈنگ کے آغاز سے ہی سرمایہ کاروں کی جانب سے حصص فروخت کا دباو دیکھنے میں آیا،کرونا وائرس کی تباہ کاریوں اور خوف کے باعث عالمی سطح پر اسٹاک مارکیٹوں میں مندی کے اثرات اور ایف اے ٹی ایف کی جانب سے پاکستان کو گرے لسٹ میں برقرار رکھنے کے فیصلے کے پیش نظر مارکیٹ سے سرمایہ نکالنے کے دباو کے باعث شدید مندی دیکھنے میں آئی جس کے نتیجے میں کے ایس ای100انڈیکس39ہزار کی نفسیاتی حد سے گرتے ہوئے 38693پوائنٹس کی سطح پر آ گیابعد میں محدود پیمانے پر خریداری ہوئی لیکن شدید مندی کے اثرات غالب رہے اورمارکیٹ کے اختتام پرکے ایس ای 100انڈیکس285.28 پوائنٹس کی کمی سے 38858.45پوائنٹس پر بند ہوا۔اسی طرح کے ایس ای 30انڈیکس 173.18پوائنٹس کی کمی سے 17878.38پوائنٹس اور کے ایس ای آل شیئرز انڈیکس 229.32 پوائنٹس کی کمی سے 27018.98پوائنٹس پر بند ہوا۔گزشتہ روز مجموعی طور پر336کمپنیوں کے حصص کا کاروبار ہوا جن میں سے 159کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں اضافہ 162میں کمی اور15میں استحکام رہا ۔