کراچی (کامرس رپورٹر) پاکستان سٹاک ایکس چینج میں اتار چڑھاؤکا سلسلہ جاری رہنے کے بعد مندی غالب آگئی جس کے نتیجے میں کے ایس ای 100انڈیکس 85.97پوائنٹس کی کمی سے 40473.18پوائنٹس کی سطح پرآ گیا، 70.61فیصد کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں کمی ریکارڈکی گئی ، مارکیٹ کی سرمایہ کاری مالیت میں33ارب81کروڑ4لاکھ روپے کی کمی ہوئی اور حصص کی لین دین کے لحاظ سے کاروباری حجم بھی پیر کی نسبت1.47فیصدکم رہا۔ سونے کی فی تولہ قیمت مزید 6100روپے کی کمی سے ایک لاکھ 20ہزار روپے کی سطح پر آگئی ۔اسی طرح 5ہزار229روپے کی کمی سے دس گرام سونے کی قیمت 1لاکھ2ہزار881روپے ہو گئی۔ امریکی ڈالر کے مقابلے میں پاکستانی روپے کی قدر میں ریکوری کا سلسلہ برقرار رہا اور انٹر بینک میں ڈالر کی قدر میں 5پیسے ، اوپن مارکیٹ میں15پیسے کی کمی ہوئی ۔ انٹر بینک میں ڈالر کی قیمت خرید168.15روپے سے گھٹ کر168.10روپے اور قیمت فروخت168.45روپے سے گھٹ کر168.40روپے ہو گئی، اوپن مارکیٹ میں ڈالر کی قیمت خرید168.15روپے سے گھٹ کر168روپے اور قیمت فروخت168.70روپے سے گھٹ کر168.50روپے ہو گئی۔ یورو کی قیمت خرید80پیسے کی کمی ہوئی ۔