کراچی (کامرس رپورٹر)پاکستان سٹاک مارکیٹ میں منگل کو اتار چڑھاؤ کا سلسلہ جاری رہنے کے بعد مندی غالب آگئی جس کے نتیجے میں کے ایس ای 100 انڈیکس مزید121.15پوائنٹس کی کمی سے 42626.47 پوائنٹس کی سطح پرآگیا جب کہ حصص فروخت کو ترجیع دینے کے رجحان کے باعث 59.59 فیصد کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں کمی ریکارڈ کی گئی جس سے سرمایہ کاروں کو 19 ارب 11 کروڑ 21لاکھ روپے کاخسارہ ہواتاہم کاروباری حجم پیرکی نسبت 2.11 فیصدزائد رہا۔پاکستان سٹاک ایکس چینج میں گزشتہ روز متوقع گیس کی قیمتوں میں اضافے کا فیصلہ واپس لینے اور فرٹیلائزر شعبے میں جی آئی ڈی سی ختم ہونے کے پیش نظر ٹریڈنگ کا آغاز مثبت زون میں ہواجب کہ اسلامی بینکوں کیلئے انرجی سکوک کی اجراء کے سبب بینکوں کے شیئرز میں بھی دلچسپی کا مظاہرہ کیا گیا جس کے باعث ابتدائی اوقات میں کے ایس ای 100 انڈیکس 42965 پوائنٹس کی بلند سطح پر پہنچ گیا تاہم بعد ازاں منافع کے حصول کی عرض سے حصص فروخت کا دباؤ بڑھ گیا جس کے نتیجے میں مارکیٹ میں تیزی کا رجحان مندی میں تبدیل ہوگیا اور انڈیکس 42337پوائنٹس کی نچلی سطح پر آگیا بعد میں ایک بار پھر منافع بخش کمپنیوں کے شیئرز کی خریداری کے باعث ریکوری آئی لیکن مندی غالب رہی اورمارکیٹ کے اختتام پر کے ایس ای 100 انڈیکس 121.15 پوائنٹس کی کمی سے 42626.47 پوائنٹس پر بند ہوا۔اسی طرح کے ایس ای 30 انڈیکس 73.13پوائنٹس کی کمی سے19722.71پوائنٹس اور کے ایس ای آل شیئرز انڈیکس 72.66پوائنٹس کی کمی سے 29735.94 پوائنٹس پر بند ہوا۔گزشتہ روز مجموعی طور پر 344 کمپنیوں کے حصص کا کاروبار ہوا جن میں سے 127 کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں اضافہ 205میں کمی اور 12میں استحکام رہا ۔