کراچی (کامرس رپورٹر)پاکستان سٹاک ایکسچینج میں جمعرات کو بھی تیزی کا تسلسل برقرار رہا اور وزیر اعظم عمران خان کی جانب سے تعمیراتی شعبے کے لئے متوقع پیکج کے اعلان کے پیش نظر سیمنٹ سمیت دیگر شعبوں کے شیئرز کی خریداری میں دلچسپی بڑھنے کے باعث کے ایس ای100انڈیکس کی30ہزار کی نفسیاتی حد بحال ہوگئی۔ انڈیکس مزید1277.10پوائنٹس کے اضافے سے 30782.67پوائنٹس کی سطح پرپہنچ گیا۔ 85.24فیصد کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں اضافہ ہوا جس سے مارکیٹ کی سرمایہ کاری مالیت2کھرب 6ارب47کروڑ64لاکھ روپے بڑھ گئی اور کاروباری حجم منگل کی نسبت 60.85فیصد زائد رہا۔منگل کو شروع ہونے والی ریکوری کا سلسلہ مسلسل تیسرے روز جمعرات کو بھی جاری رہا اورٹریڈنگ کے آغاز سے ہی مالیاتی اداروں ،میوچل افندز اور بروکریج ہاؤسز کی جانب سے منافع بخش کمپنیوں کی پرکشش قیمتوں کا فائدہ اٹھاتے ہوئے خریداری شروع کی گئی جس کے نتیجے میں مثبت رجحان دیکھنے میں آیا۔ ٹریڈنگ کے دوران کے ایس ای100انڈیکس30ہزار کی نفسیاتی حد بحال کرتے ہوئے 30841پوائنٹس کی بلند سطح پر پہنچ گیا، بعد میں منافع کے حصول کی عرض سے شیئرز کی فروخت بڑھنے کے سبب مذکورہ سطح برقرار نہ رہ سکی لیکن مجموعی طور پر تیزی غالب رہی اورمارکیٹ کے اختتام پر کے ایس ای100انڈیکس 1277.10پوائنٹس کے اضافے سے 30782.67پوائنٹس پر بند ہوا ۔کے ایس ای30انڈیکس بھی625.58پوائنٹس کے اضافے سے 13546.88پوائنٹس اورکے ایس ای آل شیئرز انڈیکس772.79پوائنٹس کے اضافے سے 21989.20پوائنٹس پر بند ہوا ۔ مجموعی طور پر366کمپنیوں کے حصص کا کاروبار ہوا جن میں سے 312کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں اضافہ،47کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں کمی اور7کمپنیوں کے حصص کی قیمتیں مستحکم رہیں ۔ حصص کی لین دین کے لحاظ سے کاروباری حجم31کروڑ15لاکھ85ہزار شیئرز رہا جو بدھ کے مقابلے میں 11کروڑ78لاکھ73ہزار شیئرززائد ہے ۔ادھرانٹر بینک میں جمعرات کو پاکستانی روپے کے مقابلے میں امریکی ڈالر مزید17پیسے کے اضافے سے 167روپے کی سطح پر پہنچ گیا۔