کراچی (کامرس رپورٹر) پاکستان سٹاک مارکیٹ میں جمعہ کو کاروباری اتار چڑھاؤ کے بعد مندی کا رجحان غالب آگیا جس کے نتیجے میں کے ایس ای100انڈیکس 33ہزار پوائنٹس کی حد عبور کرنے کے بعد 32800پوائنٹس کی سطح پر واپس آگیا ،مندی کے سبب مارکیٹ میں سرمایہ کاروں کے 24ارب روپے ڈوب گئے جبکہ 63فیصد حصص کی قیمتیں گر گئیں ۔پاکستان سٹاک مارکیٹ میں کاروبار کا آغاز مثبت ہوا اور ٹریڈنگ کے دوران کے ایس ای100انڈیکس 33068پوائنٹس کی سطح کو چھو گیا بعد ازاں منافع کی خاطر فروخت کے دباؤ کے سبب مارکیٹ تنزلی کا شکار ہو گئی اور کے ایس ای100انڈیکس 44.45پوائنٹس گھٹ گیا جس سے انڈیکس32850.83پوائنٹس سے کم ہو کر 32806.38پوائنٹس ہو گیا اسی طرح2.17پوائنٹس کی کمی سے کے ایس ای30انڈیکس14422.30پوائنٹس اور کے ایس ای آل شیئر انڈیکس 23211.98پوائنٹس سے کم ہو کر 23119.30پوائنٹس ہو گیا ۔دریں اثناانٹر بینک میں روپے کے مقابلے ڈالر کی قدر بڑھ گئی تاہم مقامی اوپن کرنسی مارکیٹ میں روپے کے مقابلے ڈالر کی قدر مستحکم رہی ۔فاریکس ایسوسی ایشن آف پاکستان کی رپورٹ کے مطابق جمعہ کو انٹر بینک میں روپے کے مقابلے ڈالر کی قدر میں80پیسے کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا جس سے ڈالر کی قیمت خرید 159.90روپے سے بڑھ کر160.50روپے اور قیمت فروخت160روپے سے بڑھ کر160.80روپے پر جا پہنچی ۔علاوہ ازیں ملکی صرافہ مارکیٹ میں ایک تولہ سونا ملکی تاریخ میں پہلی مرتبہ97ہزار روپے کی بلند سطح پر جا پہنچا ہے ۔