کراچی (کامرس رپورٹر)پاکستان سٹاک ایکسچینج میں دوروزہ مندی کے بعدبدھ کوتیزی کا رجحان لوٹ آیا اورکے ایس ای100انڈیکس 197.56پوائنٹس اضافے سے 34281.09پوائنٹس کی سطح پر پہنچ گیا جبکہ62.27فیصد حصص کی قیمتوں میں اضافہ ریکارڈ کیا گیاجس کے نتیجے میں مارکیٹ کی سرمایہ کاری مالیت میں31ارب35کروڑ روپے بڑھ گئے البتہ کاروباری حجم منگل کی نسبت 3.21فیصدکم رہا۔گزشتہ روزحکومتی مالیاتی اداروں، مقامی بروکریج ہاؤس سمیت دیگرانسٹی ٹیوشنز کی جانب سے توانائی،ٹیلی کام، فوڈز، بینکنگ،سیمنٹ،اسٹیل اورکیمیکل سیکٹر سمیت دیگر منافع بخش سیکٹرمیں سرمایہ کاری کے باعث کاروبار کا آغاز مثبت زون میں ہوا،اورٹریڈنگ کے دوران ایک موقع پر کے ایس ای 100 انڈیکس34434پوائنٹس کی بلندسطح پر پہنچ گیابعد ازاں پرافٹ ٹیکنگ رجحان کے باعث حصص فروخت بڑھنے سے انڈیکس مذکورہ سطح برقرار نہ رہ سکالیکن تیزی کا تسلسل غالب رہااورمارکیٹ کے اختتام پرکے ایس ای 100 انڈیکس197.56پوائنٹس اضافے سے 34281.09پوائنٹس پر بندہوا۔اسی طرح کے ایس ای30انڈیکس31.75پوائنٹس اضافے سے 16039.48پوائنٹس،کے ایم آئی 30 انڈیکس 248.00 پوائنٹس اضافے سے 54857.55پو ائنٹس جبکہ کے ایس ای آل شیئر انڈیکس 188.62پوائنٹس اضافے سے 24813.33پو ائنٹس پربندہوا ۔ گزشتہ روزمجموعی طورپر 387کمپنیوں کے حصص کا کاروبار ہوا،جن میں سے 241 کمپنیوں کے حصص کے بھاومیں اضافہ،121کمپنیوں کے حصص کے بھاو میں کمی جبکہ25کمپنیوں کے حصص کے بھاو میں استحکام رہا۔