کراچی (کامرس رپورٹر)پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں مسلسل دوسرے روز بدھ کو بھی مندی کا رجحان برقرار رہا جس کے نتیجے میں کے ایس ای100انڈیکس مزید 353.45پوائنٹس کی کمی سے 31555.47پوائنٹس کی سطح پر آگیا جب کہ64.60فیصد حصص کی قیمتوں میں کمی ریکارڈکی گئی جس سے سرمایہ کاروں کو 53 ارب 16 کروڑ95 لاکھ روپے کا نقصان اٹھانا پڑااور کاروباری حجم بھی منگل کی نسبت 18.56فیصد کم رہا۔گزشتہ روزکاروبار کا آغازمنفی زون میں ہوا اور سعودی عرب کی جانب سے تیل کی ترسیل معمول پر آنے کے بعد قیمتوں میں کمی آنے کے پیش نظر تیل وگیس سیکٹر کے سرمایہ کاروں کی جانب سے شیئرز فروخت کا دباؤ دیکھنے میں آیا جب کہ سیاسی لحاظ سے داخلی عدم استحکام اور بیرونی سفارتی چیلنجز کے باعث بھی سرمایہ کار سائیڈ لائن ہونے کو ترجیع دیتے نظر آئے جس کے نتیجے میں ٹریڈنگ کے دوران کے ایس ای100انڈیکس 31509پوائنٹس کی نچلی سطح پرآ گیابعد ازاں معمولی ریکوری آئی لیکن مجموعی طور پر مند ی کے اثرات غالب رہے اورمارکیٹ کے اختتام پرکے ایس ای 100 انڈیکس 353.45پوائنٹس کی کمی سے 31555.47پوائنٹس پر بندہوا۔اسی طرح کے ایس ای30انڈیکس 210.96 پوائنٹس کی کمی سے 14822.24پوائنٹس،کے ایم آئی 30 انڈیکس915.18پوائنٹس کی کمی سے 49806.87 پوائنٹس جبکہ کے ایس ای آل شیئر انڈیکس 191.85 پوائنٹس کی کمی سے 23123.13پوائنٹس پربندہوا ۔ گزشتہ روزمجموعی طورپر356کمپنیوں کے حصص کا کاروبار ہوا ۔