کراچی (کامرس رپورٹر) پاکستان سٹاک ایکس چینج میں بدھ کوکاروبار حصص میں اتار چڑھائو رہا تاہم کاروبار مثبت زون میں بند ہوا۔ کے ایس ای 100 انڈیکس 42ہزار کی نفسیاتی سطح کو دوبارہ عبور کر گیا ۔ کاروبار میں گزشتہ روزکی نسبت کاروباری حجم بھی کم رہا۔معمولی تیزی کے سببمارکیٹ سرمایہ میں 16 ارب98کروڑ روپے سے زائد کا اضافہ ہوا ۔کاروباری ہفتے کے دوسرے روزبدھ کوکاروبار کا آغاز مثبت زون میں ہوا ، کاروبار کے اختتام پر کے ایس ای100انڈیکس37.06پوائنٹس بڑھ کر 42022.25پوائنٹس کی سطح پربند ہوا ۔مجموعی طور پر70کروڑ70لاکھ13ہزار27حصص کے سودے ہوئے ۔دریں اثنا انٹر بینک میں روپے کے مقابلے ڈالر کی قدر55پیسے بڑھ گئی جس سے ڈالر کی قیمت خرید 165.80روپے سے بڑھ کر166.35روپے اور قیمت فروخت166روپے سے بڑھ کر166.55روپے ہو گئی ۔ علاوہ ازیں عالمی منڈی میں سونے کے نرخوں میں اضافے کے باوجود مقامی مارکیٹ میں فی تولہ سونے کی قیمت400روپے کمی سے 1لاکھ13ہزار100 اور دس گرام سونے کی قیمت 343روپے کمی سے 96ہزار965روپے رہی جبکہ چاندی کی فی تولہ قیمت60روپے کمی سے 1300 روپے کی سطح پر ریکارڈ کی گئی۔