کراچی ( کامرس رپورٹر ) پاکستان سٹاک مارکیٹ جمعہ کو مندی کی لپیٹ میں رہی ، سرمایہ کاروں کے 24ارب روپے سے زائد ڈوب گئے جبکہ 54.10فیصد حصص کی قیمتیں بھی گھٹ گئیں ۔ پاکستان سٹاک مارکیٹ میں جمعہ کو مارکیٹ کی بندش سے کے ایس ای100انڈیکس میں 114.39 پوائنٹس کی کمی ریکارڈ کی گئی جس کے نتیجے میں انڈیکس 47800.57پوائنٹس سے کم ہو کر47686.18پوائنٹس پر بند ہوا ۔کاروباری مندی کی وجہ سے مارکیٹ کے سرمائے میں24ارب91کروڑ1لاکھ56ہزار275روپے کی کمی ریکارڈ کی گئی جس کے نتیجے میں سرمائے کا مجموعی حجم 83کھرب84ارب93کروڑ2لاکھ 28ہزار456روپے سے گھٹ کر83کھرب60ارب2کروڑ72ہزار181روپے ہو گیا۔پاکستان سٹاک مارکیٹ میں جمعہ کو16ار روپے مالیت کے 56کروڑ38لاکھ 11ہزار حصص کے سودے ہوئے ۔دریں اثناء جمعہ کو انٹر بینک میں روپے کے مقابلے ڈالر کی قدر میں30پیسے کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا جس سے ڈالر کی قیمت خرید 157.80 روپے اور قیمت فروخت157.90روپے ہو گئی ۔علاوہ ازیں جمعہ کو ملکی صرافہ مارکیٹوں میں500روپے کے نمایاں اضافے سے ایک تولہ سونے کی قیمت1لاکھ9ہزار روپے اور دس گرام سونے کی قیمت429روپے کے اضافے سے 93ہزار450روپے ہو گئی۔