کراچی (کامرس رپورٹر)پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں کاروباری ہفتے کے پہلے روز پیر کو سرمایہ کاروں کے محتاط طرز عمل کے باعث اتار چڑھاؤ دیکھنے میں آیا لیکن مجموعی طور پر معمولی تیزی غالب آگئی جس کے نتیجے میں کے ایس ای 100 انڈیکس 11.62 پوائنٹس کے اضافے سے 43218.67پو ائنٹس کی سطح پرپہنچ گیا جب کہ 53.57فیصد کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں اضافہ ہوا لیکن مہنگے شیئرز کی قیمتیں کم ہونے کے باعث مارکیٹ کی سرمایہ کاری میں 8 ارب 2 کروڑ20لاکھ روپے بڑھ گئے اورکاروباری حجم بھی گزشتہ ٹریڈنگ سیشن کی نسبت 8.48فیصدکم رہا ۔ پاکستان اسٹاک ایکس چینج میں گزشتہ روزٹریڈنگ کے آغاز سے ہی سرمایہ کار تذبذب کا شکار نظر آئے اور ملکی سیاسی ومعاشی صوتحال کے پیش نظر فیصلہ کرنے میں بے یقینی کا شکار رہے جس کے نتیجے میں اتار چڑھاؤ کا رجحان ریکھنے میں آیا اور ٹریڈنگ کے دوران کے ایس ای100انڈیکس 43450.40کی بلند اور 43037 پوائنٹس کی نچلی سطح پر ریکارڈ کیا گیا لیکن مجموعی طور پر معمولی تیزی غالب آگئی اورمارکیٹ کے اختتام پر کے ایس ای 100انڈیکس11.62پوائنٹس کے اضافے سے 43218.67پوائنٹس پر بند ہوا۔اسی طرح کے ایس ای 30انڈیکس4.31پوائنٹس کے اضافے سے 20032.51پوائنٹس اور کے ایس ای آل شیئرز انڈیکس 37.47پوائنٹس کی کمی سے 30020.56 پوائنٹس پر بند ہوا۔گزشتہ روز مجموعی طور پر 364 کمپنیوں کے حصص کا کاروبار ہوا جن میں سے 195 کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں اضافہ 157 میں کمی اور12میں استحکام رہا ۔