کراچی (کامرس رپورٹر ) پاکستان سٹاک ایکس چینج میں کاروباری اتار چڑھاؤکے بعد منگل کو بھی کاروبار حصص میں تیزی کا رجحان رہا اور کے ایس ای 100انڈیکس 47300پوائنٹس سے بڑھ کر47400پوائنٹس ہو گیا جبکہ مارکیٹ کے سرمائے میں18ارب روپے کا اضافہ بھی ریکارڈ کیا گیا۔کاروباری سرگرمیوں میں اضافے کے باعث 47.38فیصد حصص کی قیمتیں بھی بڑھ گئیں۔سٹاک مارکیٹ میں منگل کو کاروبار کا آغاز مثبت ہوا ، انڈیکس 47600پوائنٹس سے 4پوائنٹس کی دور ی پر جا پہنچا تھا تاہم پرافٹ ٹیکنگ کا رجحان غالب آنے سے انڈیکس بلند سطح کو برقرار نہ رکھ سکا اور 47400پوائنٹس پر بند ہوا ۔کاروباری تیزی کے سبب مارکیٹ کے سرمائے میں 18ارب59کروڑ9لاکھ37ہزار224روپے کاا ضافہ ریکارڈ کیا گیا جس کے نتیجے میں سرمائے کا مجموعی حجم82کھرب 71ارب83کروڑ67لاکھ 32ہزار210روپے سے بڑھ کر 82کھرب 90ارب 42کروڑ76لاکھ69ہزار434روپے ہو گیا۔ منگل کو14ارب روپے مالیت کے 37کروڑ88لاکھ32ہزار حصص کے سودے ہوئے ۔پاکستان سٹاک مارکیٹ میں منگل کومجموعی طور پر524کمپنیوں کا کاروبار ہوا ۔دریں اثنائانٹر بینک میں روپے کے مقابلے میں ڈالر23پیسے مہنگا ہو گیا جس سے ڈالر کی قیمت خرید166.28روپے اور قیمت فروخت166.38روپے پر جا پہنچی ا سی طرح40پیسے کے اضافے سے مقامی اوپن کرنسی مارکیٹ میں ڈالر کی قیمت خرید166.60روپے اور قیمت فروخت167روپے ہو گئی۔علاوہ ازیں ملکی صرافہ مارکیٹوں میں ایک تولہ سونے کی قیمت1لاکھ11ہزار روپے اور دس گرام سونے کی قیمت95ہزار165روپے پر بدستور برقرار رہی۔