کراچی (کامرس رپورٹر) پاکستان سٹاک مارکیٹ میں جمعہ کو زبردست تیزی کا رجحان رہا اور کے ایس ای 500پوائنٹس کے اضافے سے 39 ہزار پوائنٹس کی بالائی حد بھی عبور کرگیا اور 581.38 پوائنٹس کے اضافے سے انڈیکس 39287.65 پوائنٹس کی سطح پر پہنچ گیا جب کہ تیزی کے سبب مارکیٹ کے سرمائے میں108ارب روپے کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا جس سے سرمائے کا مجموعی حجم 75کھرب روپے سے تجاوز کر گیااور73.46فیصد حصص کی قیمتیں بھی بڑھ گئیں۔ بینکنگ ،توانائی ،سیمنٹ ،فوڈز اور کیمیکل سیکٹرز میں سرمایہ کاری کی بدولت ٹریڈنگ کے دوران انڈیکس 38900، 39000، 39100 اور 39200 پوائنٹس کی 4 بالائی حدیں عبور کرنے میں کامیاب ہو گیا۔ کے ایس ای100انڈیکس میں 581.38 پوائنٹس کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا جس سے انڈیکس 38706.27 پوائنٹس سے بڑھ کر 39287.65 پوائنٹس پر جا پہنچا،جمعہ کو 14ارب روپے مالیت کے 43کروڑ18لاکھ 53ہزار حصص کا کاروبار ہوا۔ پاکستان سٹاک مارکیٹ میں جمعہ کو 407کمپنیوں کا کاروبار ہوا جس میں سے 299کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں اضافہ ،92میں کمی اور16کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں استحکام رہا۔