کراچی (کامرس رپورٹر)پاکستان سٹاک ایکس چینج میں کاروباری ہفتے کے آخری روز جمعہ کو بھی تیزی کا رجحان برقرار رہا جس کے باعث کے ایس ای100انڈیکس کی 31ہزار کی نفسیاتی حد بحال ہوگئی اور انڈیکس مزید839.12پوائنٹس کے اضافے سے 31621.79پوائنٹس کی سطح پرپہنچ گیاجب کہ 68.52فیصد کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں اضافہ ہوا جس سے مارکیٹ کی سرمایہ کاری مالیت1کھرب 41 ارب 26 کروڑ 48 لاکھ روپے بڑھ گئی البتہ کاروباری حجم جمعرات کی نسبت 19.16فیصدکم رہا ۔ کئی روز تک بدترین مندی کا سلسلہ جاری رہنے کے بعدگزشتہ منگل کو شروع ہونے والے ریکوری کا سلسلہ مسلسل چوتھے روز جمعرات کو بھی جاری رہا اورٹریڈنگ کے آغاز سے ہی مالیاتی اداروں ،میوچل فنڈز اور بروکریج ہائوسز کی جانب سے منافع بخش کمپنیوں کی پرکشش قیمتوں کا فائدہ اٹھاتے ہوئے خریداری شروع کی جس کے نتیجے میں مثبت رجحان دیکھنے میں آیا اور ٹریڈنگ کے دوران کے ایس ای100انڈیکس31ہزار کی نفسیاتی حد کو بحال کرتے ہوئے 31816پوائنٹس کی بلند سطح پر پہنچ گیا بعد میں منافع کے حصول کی عرض سے شیئرز کی فروخت بڑھنے کے سبب مذکورہ سطح برقرار نہ رہ سکی لیکن مجموعی طور پر تیزی غالب رہی اور مارکیٹ کے اختتام پر کے ایس ای100انڈیکس 839.12پوائنٹس کے اضافے سے 31621.79پوائنٹس پر بند ہوا ۔اسی طرح کے ایس ای30انڈیکس بھی467.87پوائنٹس کے اضافے سے 14014.75پوائنٹس اورکے ایس ای آل شیئرز انڈیکس839.12پوائنٹس کے اضافے سے 22515.59پوائنٹس پر بند ہوا ۔گزشتہ روز مجموعی طور پر340کمپنیوں کے حصص کا کاروبار ہوا جن میں سے 233کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں اضافہ91کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں کمی اور16کمپنیوں کے حصص کی قیمتیں مستحکم رہیں ۔تیزی کے باعث مارکیٹ کی سرمایہ کاری مالیت1کھرب 41ارب26کروڑ48لاکھ روپے کے اضافے سے بڑھ کر 60کھرب 16ارب 39کروڑ91لاکھ روپے ہوگئی جب کہ حصص کی لین دین کے لحاظ سے کاروباری حجم 25کروڑ18لاکھ74ہزار شیئرز رہا جو جمعرات کے مقابلے میں5کروڑ97لاکھ10ہزار شیئرزکم ہے ۔ علاوہ ازیں انٹر بینک میں جمعہ کو پاکستانی روپے کے مقابلے میں امریکی ڈالر24پیسے کی کمی سے 166.76روپے ہوگیا ۔تفصیلات کے مطابق انٹر بینک میں ڈالر کی قدر میں مسلسل بڑھنے کا سلسلہ رک گیا،دوسری جانب لاک ڈائون کے باعث اوپن مارکیٹ میں کرنسیوں کا لین دین معطل ہے ۔