لاہور،اسلام آبا د،سکھر(نامہ نگارخصوصی،نامہ نگار،نیوز ایجنسیاں، بیورو رپورٹ)احتساب عدالت لاہور کے جج امجد نذیر چودھری نے رمضان شوگر ملز ریفرنس میں شہباز شریف اور حمزہ شہباز کیخلاف نیب کے گواہ سعید احمد کا بیان قلمبند کرتے ہوئے سماعت 4مارچ تک ملتوی کرکے وکلائکو جرح کیلئے طلب کرلیا ، دوران سماعت کمرہ عدالت میں شور ہونے پر فاضل جج نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کورٹ روم میں رش زیادہ ہوچکا ، کورونا کی صورتحال خراب ہے ،کورٹ کا نہیں تو شہباز شریف کا خیال کریں، وہ کینسر کے مریض ہیں،گنجائش سے زیادہ افراد عدالت سے باہر نکلے جائیں۔ سماعت شروع ہوئی تو شہباز شریف کے وکیل امجد پرویز کے ایسوسی ایٹ نواز علی ایڈووکیٹ نے کہا امجد پرویز ہائیکورٹ میں مصروف ہیں ،آپ گواہ کا بیان قلمبند کرلیں،فاضل جج نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا یہ باتیں تو پچھلی تاریخ پہ بھی کہی گئی تھیں، ایسے تو نہیں چلے گا،امجد پرویز تو ہر روز ہائیکورٹ میں مصروف رہتے ہیں، عدالتی کارروائی آپ کے مطابق نہیں چل سکتی،عدالت نے استدعا منظور کرتے ہوئے نیب کے ایک گواہ کا بیان قلمبند کرلیا۔شہباز شریف نے استدعا کی جج صاحب اگر اجازت ہے تو میں ساتھ والی کورٹ میں ملاقات کرلوں،عدالت نے کہاسماعت کے بعد ملاقات کا سپیشل وقت دوں گا۔احتساب عدالت لاہور نے منی لانڈرنگ ریفرنس کی سماعت بغیر کارروائی چار مارچ تک ملتوی کرکے نیب کے گوہواں کو دوبارہ پیش ہونے کا حکم دے دیا۔ احتساب عدالت اسلام آباد نے آصف زرداری اوریوسف رضا گیلانی کے خلاف توشہ خانہ ریفرنس پرسماعت وکلا کی ہڑتال کے باعث بغیر کارروائی چارمارچ تک ملتوی کر دی ۔احتساب عدالت اسلام آباد نے اسحق ڈار کیخلاف زائد اثاثوں کے ریفرنس پر سماعت بغیر کارروائی 10مارچ تک ملتوی کر دی۔ احتساب عدالت لاہور نے غیر قانونی بھرتی ریفرنس میں پی پی رہنما آصف ہاشمی کے خلاف سماعت وکلاء کی ہڑتال کے باعث کارروائی 12 مارچ تک ملتوی کردی ۔احتساب عدالت نے نہر خیام زمین کی غیر قانونی الاٹمنٹ کے ریفرنس پر سماعت وکلاء کی عدم حاضری کے باعث پندرہ مارچ تک ملتوی کر دی،وفاقی وزیر فہمیدہ مرزا کے صاحبزادے حسنین مرزا، عبد الغنی مجید پیش نہ ہوئے ۔احتساب عدالت سکھر نے آمدن سے زائد اثاثہ جات کیس میں پیپلزپارٹی کے رہنما صوبائی مشیر جیل خانہ جات اعجاز جکھرانی کی ضمانت میں سولہ مارچ تک توسیع کردی۔احتساب عدالت لاہور میں زائد اثاثہ جات ریفرنس میں سابق ڈی جی ایل ڈی اے احد چیمہ کے خلاف نیب کے تین گواہوں پر جرح مکمل کرلی گئی،مزید سماعت 2 مارچ کوہوگی۔احتساب عدالت اسلام آباد نے سابق چیئرمین سی ڈی اے ملزم فرخند اقبال اور دیگر کے خلاف کمیونٹی پلاٹ کو غیر قانونی طور پر تبدیل کرنے کے ریفرنس میں شریک ملزم اشفاق کی وفات سے متعلق رپورٹ طلب کرلی جبکہ ملزمان شیر اعظم وزیر، مسعود الرحمن، اور غلام سرور سندھو کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواستیں منظور کر لیں۔