لاہور، شیخوپورہ، منڈی بہاؤالدین ، سیالکوٹ ، رحیم یار خان ( کرائم رپورٹر، ڈسٹرکٹ رپورٹر ز ، سٹی رپورٹر ) سبزہ زار لاہور میں 3مرلہ اراضی کے تنازع پررشتے داروں نے 45سالہ شہری کو ڈنڈوں سے مار مار کر قتل کردیا، مقدمہ درج کرلیا گیا، سید پور کے 45 سالہ علی بٹ کا اپنے کزنز کیساتھ آبائی گھر پر تنازع چل رہا تھا، علی بٹ نے خاموشی سے گھر 45 لاکھ کے عوض فروخت کردیا، کزنز کو علم ہوا تو انہوں نے علی بٹ کو تشدد کرکے شدید زخمی کردیا، علی بٹ کو ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں اس نے دم توڑ دیا۔لاہور میں ہئیرکے علاقہ میں بی آر بی نہر سے 45سالہ نامعلوم شخص کی تشدد زدہ لاش برآمد ہوئی، پولیس کے مطابق لاش چار روز پرانی ہے اور اس کے سر پر چوٹ کا نشان بھی ہے ۔ شیخوپورہ کے تھانہ اے ڈویژن کے علاقہ نیوسبزمنڈی لاہور روڈ پر لین دین کے تنازع پر دو گروپوں کے درمیان فائرنگ سے 2 مزدور جاں بحق اور ایک شدیدز خمی ہوگیا ، پولیس نے دونوں گروپوں کے 4، 4 افراد کو گرفتار کرلیا۔ منڈی بہاؤالدین میں بدچلنی کے شبہ پر والد نے 18سالہ بیٹی کو چھری کے وار کر کے قتل کر دیا اور فرار ہو گیا۔ سیالکوٹ میں نامعلوم افراد نے فائرنگ کرکے 25سالہ نوجوان کو موت کے گھاٹ اتار دیا ، ڈسکہ کا 25سالہ نوجوان کو تھانہ موترہ کے علاقہ بھوبھنگی کے قریب قتل کیا گیا، رحیم یارخان میں شہباز پور غربی کی بستی افتخار شاہ کے رہائشی وزیر احمد نے اپنی بیوی 40سالہ مختاراں مائی کو چائے میں زہریلی گولیاں پلا کر قتل کردیا۔