لاہور ،کراچی (اپنے نیوز رپورٹر سے ،نامہ نگار خصوصی،سٹاف رپورٹر) لاہور ہائیکورٹ نے مریم نواز کی ضمانت پر رہائی کیلئے درخواست پر نیب کو تفصیلی جواب دینے کیلئے ایک ہفتے کی مہلت دے دی ہے ، احد چیمہ کے مزید 13 روزہ جوڈیشل ریمانڈ میں توسیع کر دی،زائد آمد ن مقدمات میں اسحاق ڈار ،اقبال زیڈ احمد کے بیٹے ،انور مجید کے مقدمات کی سماعتیں ملتوی کردی گئیں۔ لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس علی باقر نجفی کی سربراہی میں دو رکنی بنچ نے مریم نواز کی درخواست پر سماعت کی جس میں ضمانت پر رہائی کی استدعا کی گئی۔ سماعت کے دوران عدالتی استفسار پر مریم نواز کے وکیل نے بتایا کہ ان کی موکلہ کیخلاف چودھری شوگر ملز کے ذریعے منی لانڈرنگ کا الزام ہے ۔ وکیل نے بتایا کہ جن الزامات میں مریم نواز کو گرفتار کیا گیا ہے وہ نیب کے دائرہ اختیار میں نہیں ہے ۔ نیب کے وکیل نے تفصیلی جواب داخل کرانے کیلئے وقت دینے کیلیے استدعا کی جسے دو رکنی بنچ نے منظور کر لیا۔ درخواست پر مزید سماعت 30 اکتوبر کو ہوگی۔ احتساب عدالت نے چوہدری شوگر ملز کیس میں گرفتارمریم نواز اور یوسف عباس مزیددوروزہ جوڈیشل ریمانڈ پرجیل منتقل کردیا۔ لاہور ہائیکورٹ نے سابق ڈی جی ایل ڈی اے احد خان چیمہ کیجانب سے دائر 3 درخواستوں پر سماعت 12نومبر تک ملتوی کردی۔جسٹس علی باقر نجفی کی سربراہی میں 2 رکنی بینچ نے سماعت کی۔احد خان چیمہ نے لاہور ہائیکورٹ میں آشیانہ اقبال، آمدن سے زائد اثاثہ جات اور ایل ڈی اے سٹی میں درخواست ضمانت دائر کر رکھی ہے ۔ احتساب عدالت میں احد چیمہ کے مزید 13 روزہ جوڈیشل ریمانڈ میں توسیع کر دی، عدالت نے احد چیمہ کو دوبارہ 05 نومبر کو عدالت میں پیش کرنے کا حکم دیا ہے ۔ عدالت میں گزشتہ روز تین گواہان کے بیان قلمبند کیے گئے ، گواہان میں روح الامین، محمد یوسف اور سید آصف رضا زیدی شامل ہیں۔ سندھ ہائیکورٹ نے کاروباری شخصیت اقبال زیڈ احمد کے بیٹے فصیح الدین اور دیگر کی درخواست ضمانت پر نیب سے پانچ ہفتوں میں انکوائری سے متعلق رپورٹ طلب کرلی ہے ۔سندھ ہائیکورٹ نے اومنی گروپ کے سربراہ انور مجید کی ایف آئی اے کے خلاف دائر درخواست پر ایف آئی اے سے رپورٹ طلب کرتے ہوئے سماعت غیر معینہ مدت تک ملتوی کردی ۔ اسلام آباد احتساب عدالت نے سابق وزیر خزانہ اسحاق ڈار کے خلاف آمدن سے زائد اثاثہ جات ریفرنس کی سماعت چھ نومبر تک ملتوی کر دی گئی ۔