اسلام آباد (این این آئی) وزارت خزانہ نے کہا ہے کہ پاکستان پائیدار ترقی کی راہ پر گامزن ہے ۔گزشتہ روزجاری اعلامیہ کے مطابق تمام معاشی اشارئیے معاشی سرگرمیوں میں تیزی کی نشاندہی کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ مالی سال دو ہزار بیس میں ترسیلات زر 6.4 فیصد اضافے کے ساتھ 23.1 ارب ڈالر ،غیر ملکی سرمایہ میں 88 فیصد اضافے کے ساتھ 2.6 ارب ڈالر رہی ۔ بجٹ خسارہ کم کر کے جی ڈی پی کا 8.1 فیصد کیا گیا ۔ زراعت کی بحالی کیلئے 227 ارب روپے کی لاگت سے 13 منصوبوں کو شروع کیا گیا ،غریبوں کیلئے یوٹیلیٹی سٹورز پر اشیاء ضروریہ پر سبسڈی کیلئے 31 ارب روپے جاری کیے ۔ کورونا وائرس سے بچاؤ کیلئے 1240 ارب روپے کا پیکیج دیا گیا،ایف بی آر کی ٹیکس وصولیاں جولائی میں 4.7 فیصد اضافے کے ساتھ 290.5 ارب روپے ہو گئیں ،بڑی صنعتوں کی افزائش میں مئی 2020 کے مقابلے میں جون 2020 میں 16.8 فیصد اضافہ ہوا ہے ،سیمنٹ کی کھپت جولائی میں 37.8 فیصد اضافے کے ساتھ 48 لاکھ ٹن ہو گئی،حکومتی اقدامات کو عالمی مالیاتی اداروں بالخصوص آئی ایم ایف کی طرف سے سراہا گیا ،عالمی ریٹنگ ایجنسیوں ایس اینڈ پی فیچ اور موڈیز نے حکومت کے اقدامات کو سراہا ۔عالمی بینک کی کاروبار میں آسانی درجہ بندی میں پاکستان 10 بہترین کارکردگی دکھانے والے ممالک میں شامل کیا گیا ہے ،اوور سیز انوسٹرز چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے سروے کے مطابق ملک میں سیکورٹی صورتحال میں نمایاں بہتری آئی ہے ۔