پشاور،ریاض،لاہور،کراچی ( خبر نویس، سٹاف رپورٹر، مانیٹرنگ ڈیسک، نمائندہ خصوصی سے ) پاکستان میں اس بار بھی دو عیدیں ہونگی،خیبر پختونخوا حکومت نے آج عید الفطر منانے کا اعلان کر دیاجبکہ ملک کے دیگرصوبوں میں عیدنہیں ہوگی گورنر خیبر پختونخوا شاہ فرمان اوروزیر اعلیٰ محمود خان سمیت پوری صوبائی کابینہ کے ارکان آج عید کی نماز ادا کرنے کے بعد سرکاری طور پر عید منائیں گے ۔گزشتہ رات صوبائی حکومت کی جانب سے عید کا اعلان کرتے ہوئے وزیر اطلاعات خیبر پختونخوا شوکت یوسفزئی نے کہا کہ صوبے بھر سے شوال کا چاند نظرآنے کی 112 سے زیادہ شہادتیں موصول ہوئیں اسلئے ضروری ہو گیا تھا کہ حکومت کی جانب سے عید کا اعلان کیا جائے ۔ شوکت یوسفزئی نے عوام کو عید کی مبارک باد دی اور کہا کہ خیبر پختونخوا کے تمام اضلاع میں سرکاری طور پر عید منائی جائیگی۔ انہوں نے کہا کہ صوبے کے عوام کیساتھ یکجہتی کے طور پر عید کا اعلان کیا جا رہا ہے ۔ قبل ازیں پشاور میں مقامی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس مفتی شہاب الدین پوپلزئی کی زیر صدارت مسجد قاسم علی خان میں ہواجس میں مولانہ خیر البشر ،قاری عبدالرئوف ،مولانا جمال مشوانی اور دیگر علما نے شرکت کی۔ اجلاس میں خیبر پختونخوا کے مختلف علاقوں سے 23 شہادتیں موصول ہوئیں،شہادتوں کا جائزہ لینے کے بعد مفتی شہاب الدین پوپلزئی نے آج عید الفطر کا اعلان کردیا۔ بنوں میں 37،مردان گڑیالہ سے 2،بونیر اور صوابی سے 4، کرک سے 11 ،وزیر ستان سے 10 شہادتیں موصول ہوئیں۔مسجد قاسم علی خان میں میں شہادتیں قبول ہونے کے بعد خیبر پختونخوا حکومت نے سرکاری طور پر عید کا اعلان کیا ۔ دریں اثنا مرکزی رویتِ ہلال کمیٹی پاکستان کے چیئر مین مفتی منیب الرحمٰن نے اعلان کیا ہے کہ ماہِ شوال المکرم 1440ھ کے چاند کی رویت کا شرعی فیصلہ کرنے کیلئے کمیٹی کااجلاس آج 4جون بروزمنگل بعد نمازِ عصر دفتر محکمہ موسمیات چورنگی ، یونیورسٹی روڈ کراچی میں ہو گا جبکہ لاہور، کوئٹہ، اسلام آباد اور پشاور میں زونل کمیٹیوں کے اجلاس بھی طلب کئے گئے ہیں ’’92‘‘ نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے رویت ہلال ریسرچ کونسل کے مرکزی سیکرٹری خالد اعجاز مفتی نے کہا کہ شوال کا چاند آج ملک بھر میں دکھائی دینے کے قوی امکانات ہیں۔محکمہ موسمیات نے بھی پاکستان میں 4 جون کو چاند کی رویت ممکن ہونے کی نوید سنا دی ۔ محکمہ موسمیات کے مطابق آج کراچی میں غروب آفتاب کے وقت چاند کی عمر 28 گھنٹے 16 منٹ ہو گی ور یہ ایک گھنٹے کے بعد تک افق پر موجود رہے گا۔علاوہ ازیں سعودی عرب،خلیجی ممالک اور امریکہ میں شوال کا چاند نظر آگیا اوران ملکوں میں آج عید الفطر ہوگی۔ عرب میڈیا کے مطابق جاپان، ملائیشیا، انڈونیشیا، تھائی لینڈ میں عید کا چاند نظر نہیں آیا، ان ممالک میں عید کل ہوگی۔امریکی وزیرخارجہ مائیک پومپیو نے مسلمانوں کو عید کی مبارکباد دی ہے ۔