پشاور (این این آئی)پشاور میٹرو سے متعلق وزیراعلیٰ محمودخان کی انسپکشن ٹیم کی رپورٹ پر سابق وزیراعلیٰ و وزیر دفاع پرویز خٹک اور وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان آمنے سامنے آگئے ۔سابق وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا پرویز خٹک نے موجودہ وزیر اعلیٰ کی انسپکشن ٹیم کی رپورٹ کو مسترد کردیا۔ نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے پرویز خٹک نے کہا کہ انسپکشن ٹیم جو کہہ رہی ہے کہنے دیں، چیلنج کرتا ہوں کہ وزیر اعلیٰ انسپکشن ٹیم کی رپورٹ غلط ہے ۔ان کا کہنا تھا کہ یہ ثابت کرنا ہوگا کہ بی آر ٹی منصوبے کی لاگت میں 25 فیصد اضافہ کہاں ہوا؟ ۔ پرویز خٹک نے محمود خان کی انسپکشن رپورٹ کے بارے میں کہا کہ یہ رپورٹ کہاں سے آگئی ، پتہ نہیں کیسے 25فیصد اضافے کی بات کی گئی۔خیال رہے کہ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ بی آر ٹی منصوبہ مناسب منصوبہ بندی کے بغیر شروع کیا گیا، ڈیزائن میں تبدیلی کے باعث منصوبے کی لاگت میں اضافہ ہوا اور عوام کے پیسے کو بی آر ٹی پر ضائع کیا گیا۔صوبائی انسپکشن ٹیم کی رپورٹ کے مطابق ناقص منصوبہ بندی اور ڈیزائن پروجیکٹ کے کام میں غفلت برتی گئی اورفیزبیلٹی سٹڈی میں خامیوں کے باعث منصوبے میں تبدیلیاں کی گئیں۔