اسلام آباد(خصوصی نیوز رپورٹر)وزارت خزانہ کے ترجمان عمرحمیدخان نے کہاہے کہ حکومت کی جانب سے معیشت کے استحکام اورغیرملکی سرمایہ کاروں کے اعتماد کی بحالی کیلئے اٹھائے جانیوالے اقدامات کے نتائج سامنے آنا شروع ہوگئے ہیں ۔جمعہ کو سماجی رابطوں کی ویب سائیٹ ٹوئٹر پر جاری پیغام میں انہوں نے کہا ملک میں براہ راست بیرونی سرمایہ کاری کے حوالہ سے جاری اعدادوشمارسے مثبت حکومتی اقدامات کی تصدیق ہوگئی ہے ۔ ستمبر کے مہینے میں ملک میں براہ راست غیرملکی سرمایہ کاری کے حجم میں 112 فیصد اضافہ ہوا جو گزشتہ 26 مہینوں کی بلند ترین سطح ہے جبکہ پہلی سہ ماہی میں ملک میں براہ راست غیرملکی سرمایہ کاری کے حجم میں 137 فیصد اضافہ ہوا۔ سٹیٹ بینک آف پاکستان کی طرف سے جاری تازہ ترین اعدادوشمارکے مطابق مالی سال کی پہلی سہ ماہی میں ملک میں بیرونی سرمایہ کاری کاحجم 886.6 ملین ڈالر رہا، گزشتہ مالی سال کے اس عرصہ میں ملک میں بیرونی سرمایہ کاری کا حجم 374.1 ملین ڈالر رہاتھا۔اعدادوشمارکے مطابق مالی سال کی پہلی سہ ماہی میں غیرملکی نجی سرمایہ کاری کا حجم 564.8 ملین ڈالر ریکارڈ کیا گیا جو گزشتہ مالی سال کے اسی عرصہ کے مقابلے میں 51 فیصد زیادہ ہے ۔