اسلام آباد ( سپیشل رپورٹر،نیٹ نیوز ) وزیراعظم عمران خان نے قومی سلامتی کمیٹی کی تشکیل نو کر دی۔ وزیراعظم عمران خان قومی سلامتی کمیٹی کے چیئرمین ہوں گے ۔قومی و سٹریٹجک فیصلوں کا اہم ترین فورم 12 ارکان پر مشتمل ہوگا۔وزیر دفاع پرویز خٹک، وزیر داخلہ اعجاز شاہ، وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی، مشیر خزانہ عبدالحفیظ شیخ، معاون خصوصی اطلاعات فردوس عاشق اعوان، معاون خصوصی نیشنل سکیورٹی ڈویژن قومی سلامتی کمیٹی میں شامل ہیں۔چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی، تینوں مسلح افواج کے سربراہان بھی سلامتی کمیٹی کا حصہ ہوں گے ۔واضح رہے اس سے قبل قومی سلامتی کمیٹی 11 ارکان پر مشتمل تھی جس میں اب وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے نیشنل سکیورٹی ڈویژن کو شامل کیا گیا ہے ۔