اسلام آباد(سہیل اقبال بھٹی)وفاقی حکومت کی جانب سے مہنگائی اور آمدن میں ریکارڈ کمی کا سامنا کرنے والے پاکستانیوں کیلئے حج کی سعادت کو سستااوربہتر بنانے میں حیران کن طورپر سکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان،مسابقتی کمیشن اور سول ایوی ایشن ڈویژن کی اہم ترین سفارشات مسترد کرنے کا انکشاف ہوا ہے ۔ رواں سال 1لاکھ 79ہزار حجاج کرام کی ٹریننگ وزارت مذہبی امور کی ٹیموں کی بجائے آئی ٹی کمپنیوں کو آئوٹ سورس کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔ وفاقی حکومت کے نجی کوٹے سے حج کرنے والے حجاج کی سہولت کیلئے نجی حج آپریٹرز کو ٹیکس کی ادائیگی سے مستثنیٰ قرار دینے کی سفارش کی تھی تاکہ سرکاری حج سکیم اور نجی حج کے اخراجات میں مطابقت لائی جا سکے ۔ نجی حج آپریٹرز کے حج اخراجات کی حد مقرر کرنے کی بھی سفارش کی گئی جو کہ سرکاری اخراجات کے خاص تناسب سے زیادہ نہ ہوں۔حج2019 ئمیں حجاج کو سہولیات نہ دینے والے نجی حج آپریٹرزکو کوٹہ نہ دینے کی سفارش کی گئی۔ وزارت مذہبی امور نے رواں سال سرکاری اور نجی حج آپریٹرز کا کوٹہ 50فیصد یکساں مقرر کرنے کی درخواست مسترد کرتے ہوئے 2021ء کے حج کے دوران کوٹہ پرنظرثانی کی یقین دہانی کرادی ۔92نیوز کوموصول دستاویز کے مطابق وفاقی حکومت کو حج پالیسی 2020ء میں بہتری اور حج سستا کرنے کیلئے متعلقہ اداروں کی جانب سے تحریری طورپر سفارشات ارسال کی گئیں۔ ایس ای سی پی نے حج2019ء میں حجاج کو سہولیات نہ دینے والے نجی حج آپریٹرزکو کوٹہ دینے کی مخالفت کرتے ہوئے کہا کہ اگر کوٹہ دینا ضروری ہو تو پہلے سے کم کوٹہ دیا جائے ۔ ایس ای سی پی نے حج پالیسی2020ء سے متعلق تجویز دی کہ حج گروپ آرگنائز رز کا منظور شدہ سرمایہ1کروڑ سے بڑھا کر 1کروڑ 25لاکھ جبکہ ادا شدہ سرمایہ 75لاکھ سے بڑھا کر 1کروڑ25لاکھ روپے کر دیا جائے ۔ حجاج کی دیکھ بھال میں آسانی اور نئی کمپنیوں کو مواقع فراہم کرنے کیلئے وزارت مذہبی امور حج گروپ آرگنائزر کیلئے 200سے زائد افراد کا کوٹہ مختص نہ کرے ۔حجاج کی ٹریننگ میں حج آپریشن کے دوران استعمال ہونے والی جدید ٹیکنالوجی کے استعمال کی ٹریننگ بھی مہیا کی جائے ۔ایس ای سی پی نے تمام جنرل پوسٹ آفس میں حج درخواستوں کی دستیابی اور منظوری کے طریقہ کار متعارف کرانے کی بھی تجویز دی۔ایس ای سی پی نے نجی آپریٹرز کی جانب سے حجاج کو مہیا کی جانے والی سہولیات کی نگرانی اور اس حوالے سے تفصیلی رپورٹ شائع کرنے کی تجویز دی۔مسابقتی کمیشن نے نجی حج آپریٹرز کا کوٹہ50فیصد کرنے کی تجویز دیتے ہوئے موقف اختیار کیا کہ حجاج کو بہتر آپشن میسر آ سکے گا۔مسابقتی کمیشن نے وزارت مذہبی امور کے نگرانی کے طریقہ کار اورکارکردگی کے معیار کو جانچنے کے طریقہ کار میں بہتری کی تجویز دی۔مسابقتی کمیشن نے بلوچستان،کشمیر اور گلگت بلتستان سمیت دور دراز علاقوں کی نجی حج آپریٹرز کو مساوی مواقع فراہم کرنے کیلئے وزارت مذہبی امورکو مناسب اقدامات کرنے کی تجویز دی۔مسابقتی کمیشن نے طویل المدتی حج پالیسی اور منصوبہ بندی کی تجویز دیتے ہوئے تجویزدی کہ کم از کم 5سال کی حج پالیسی مرتب کی جائے ۔حج 2020ء کیلئے تجویز کردہ اقدامات کو احتیاط کے ساتھ وفاقی دارالحکومت اور تمام صوبائی دارالخلافوں میں تمام متعلقہ سٹیک ہولڈرز کی مشاورت سے مکمل کرنے کی ضرورت ہے ۔ایوی ایشن ڈویژن نے تجویز دی کہ سول ایوی ایشن اتھارٹی اور ایئرپورٹ سکیورٹی فورس کے افسران عالمی سول ایوی ایشن آرگنائزیشن کے قواعد کے مطابق ہوائی اڈوں اور مسافروں کے سامان کی حفاظت سے متعلق اچھی طرح سے واقف ہیں۔اس لیے کم از کم 30افسران کو جدہ اور مدینہ کے ہوائی اڈوں پربطور معاون تعینات کیا جائے تاکہ پاکستانی حجاج کی معاونت کی جا سکے ۔