اسلام آباد (خبر نگار خصوصی ) پاکستان کے دورہ پر آئے سجادہ نشین دربار غوث اعظمؒ بغداد شریف شیخ سید خالد عبدالقادر منصور الگیلانی نقیب الشراف کی دربار بری امام پر چادر چڑھائی اور دعا کی ۔ دربار عالیہ بری امام آمد پر خادم دربار راجہ سرفراز اکرم نے ان کا استقبال کیا۔ اس موقع پر سجادہ نشین دربار غوث اعظم کے اعزاز میں تقریب کا بھی انعقاد کیا گیاجس میں وزیر اعظم آزاد کشمیر راجہ فاروق حیدر، وزیر مذہبی امور نور الحق قادری، دربار عالیہ بری امام کے خادم راجہ سرفراز اکرم،لیفٹیننٹ جنرل( ر) محمد افضل جنجوعہ اور دیگر نے شرکت کی۔سجادہ نشین دربار غوث اعظم نے تقریب سے خطاب میں کہا کہ معرفت الہٰی کا علم اولیاء کرام سے ملتا ہے ،کئی انبیا ئکرام معرفت الہی ٰکے علم کے خواہشمندتھے ،اولیاء کرام نے اسلام کی خدمت کی، ان کی زندگیاں تمام انسانیت کیلئے مشعل راہ ہیں۔ ایسے پیروں کی مریدی میں آئیں جو آپ کو علم دیں، آپکی شخصیت نکھاریں۔ نور الحق قادری نے کہا کہ حضرت شیخ عبد القادر جیلانی کو غوث پاک کا درجہ اللہ تعالیٰ نے دیا۔ پاکستان کی 70 سالہ تاریخ میں ایک وزیر اعظم ہے جس نے شیخ عبد القادر جیلانی کے نام پرقادر یونیورسٹی بنائی اور مدینہ طرز پرریاست بنانے کا اعلان کیا۔ راجہ فاروق حیدر کا کہنا تھا کہ انبیاء کے بعد اولیاء کرام نے انسانیت کی خدمت کی جو ہمارے لئے مشعل راہ ہے ،آزاد کشمیر کے ہر گھر میں ایک کمرہ غوث پاک کے نام پر ضرور مختص ہوتا ہے ۔ تقریب کے اختتام پر دورد و سلام پڑھا گیا، مسلم امہ، پاکستان کی سلامتی اور کشمیر کی آزادی کیلئے خصوصی دعا کرائی گئی۔