کراچی (رپورٹ :عمران شیخ) بھارت کی سینما انڈسٹری سے وابستہ فنکاروں اور دیگر تمام عملے پر مشتمل آل انڈیا سِنے ورکرز ایسوسی ایشن نے پلوامہ حملے کے بعد پاکستانی فنکاروں اور اداکاروں پر مکمل طور پر پابندی لگائی ہوئی ہے جبکہ ابھی حال ہی میں پاکستانی ہدایتکار حسیب حسن نے پاکستانی اداکارہ سجل علی اور اداکار احد رضا میر کو لے کر ایک بھارتی پروڈیوسر کیلئے ویب سیریز ’’دھوپ کی دیوار ‘‘ بنائی ہے جو کہ تکمیل کے آخری مراحل میں ہے ، اس حوالے سے سروے میں بھی ہمارے فنکار دو حصوں میں بٹے ہوئے نظرآتے ہیں۔ پاکستان فلم پروڈیوسر ایسویسی ایشن کے چوہدری اعجاز کامران نے کہاکہ ان فنکاروں کے خلاف کارروائی ہونی چاہئے جو موجودہ صورتحال کے باوجود بھارتی پروجیکٹس میں کام کررہے ہیں ۔ اداکارہ عائشہ صنم خان نے کہا کہ سب سے پہلے پاکستان میری سوچ ہے اور میں نہیں چاہوں گی کہ پاکستانی دشمن ملک کے لئے کام کروں ۔ اداکارہ عالیہ جمشید ، عینی شیخ کے مطابق سجل علی اور احد رضا میر پر پر پابندی لگنی چاہیے ، گلوکارہ مسکان جے ، اداکارہ تانیہ فرید ، نیہا لاج ، سائرہ غفار ، اداکارہ دیا رحمان اور اداکار اسلم شیخ نے کہا کہ سجل علی اور احد رضا میر پر پاکستان فلم ، ڈرامہ انڈسٹری کے دروازے بند ہونا چاہئے ۔ اداکارہ ثنا ء فخر نے پاکستانی فنکاروں کے بھارت میں کام کرنے پر رضا مندی ظاہر کی۔