ملک بھر میں بجلی اور گیس کا شارٹ فال بڑھ گیا ہے۔ وزارت توانائی کے ذرائع کے مطابق سسٹم کو 2ارب 48کروڑ کیوبک فٹ گیس کی کمی کا سامنا ہے۔ بجلی کا شارٹ فال بھی تین ہزار میگاواٹ تک پہنچ گیا ہے۔ گیس نہ ہونے کے باعث بجلی کی طلب 14ہزار میگاواٹ ہو گئی ہے۔ سخت سردی میں عوام کو بجلی اور گیس کی اشد ضرورت ہوتی ہے لیکن ان دونوں ضروری چیزوں کے حصول ہی میں عوام کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ ملک بھر میں بجلی کی لوڈشیڈنگ 5گھنٹے تک پہنچ گئی ہے۔ موسم سرما میں گیس کی لوڈشیڈنگ بھی ہوتی ہے اس لئے بجلی کی طلب میںاضافہ ہو جاتا ہے لیکن جوں ہی طلب زیادہ ہوتی ہے بجلی ملنا دشوار ہو جاتی ہے۔ گیس کا پریشر کم آتا ہے اس لئے کچھ لوگ اس کمی کو دور کرنے کے لئے کمپریسر کا استعمال کرتے ہیں۔ کمپریسر کا استعمال بڑھتا ہے تو پھر محلے بھر کی ساری گیس وہ کھینچ کر لے جاتا ہے۔ اس لئے عوام کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ لاہور ‘کراچی ‘راولپنڈی ‘گوجرانوالہ سمیت تمام چھوٹے بڑے شہروں میں عوام پریشان ہیں۔ کراچی ملک کا سب سے بڑا شہر ہے وہاں گیس و بجلی کی کمی نے مشکلات بڑھا دی ہیں۔ اہل کراچی حکومت کے اس سلوک پر سیخ پا ہیں لیکن مرکزی حکومت سمیت گورنر سندھ‘ ٹس سے مس نہیں ہو رہے۔موسم سرما میں گیس اور بجلی کی طلب کے مطابق دستیابی یقینی بنانا حکومت کا فرض ہے ۔اس لئے حکومت عوامی ضرورت کے مطابق دونوں ضروری چیزوں کی دستیابی یقینی بنائے تاکہ عوام سخت سرد ی میں سکھ کا سانس لے سکیں۔