ریاض( آن لائن )امام کعبہ اور مسجد الحرام کے خطیب الشیخ ڈاکٹر عبدالرحمان السدیس نے کہا ہے سعودی حکومت نے کورونا کی روک تھام کے لیے بہادری، دلیری اور جرات مندی کے ساتھ تاریخی فیصلے کیے ، ان فیصلوں کے نتیجے میں سعودی عرب کو کورونا کی بڑی تباہی سے بچالیا گیا۔انہوں نے عوام الناس پر زوردیا کہ وہ ماہ صیام میں اعمال صالحہ کے لیے سخت محنت کریں،رواں سال ماہ صیام ایک ایسے موقع پرآیا ہے جب پوری دنیا اور سعودی قوم کورونا کی خطرناک وبا کی لپیٹ میں ہے ، یہ وبا اﷲ کی نشانیوں میں سے ایک نشانی ہے ،دنیا کا کوئی ایسا ملک اور خطہ نہیں جہاں کورونا کی وبا نے یلغار نہ کی ہو مگر اس یلغار کے سامنے اہل ایمان سیسہ پلائی دیوار بن کر کھڑے ہیں، ایک سچے مومن کا ایمان ہی اسے بحرانوں سے بچانے میں ڈھال بن سکتا ہے ۔ جو شخص اپنے رب پر یقین، اس کی تقدیر پرایمان،اپنے مالک ومولا سے حسن ظن اور سچا توکل کرتا ہے تو اس کا ایمان بحرانوں ، مصائب اور مشکلات میں اس کی ڈھال بن جاتا ہے ۔