مکرمی!سورج مکھی کی حالیہ فصل جو تیزی سے برداشت کی طرف بڑھ رہی ہے اس وقت ٹڈی دل کی شدید لپیٹ میں ہے ۔جس سے کسانوں میں شدید تشویش کی لہر پائی جاتی ہے۔محکمہ زراعت کی عدم توجہی اور ماہرانہ مشاورت سے محرومی نے صورت حال کو مزید گھمبیر کر رکھا ہے اگر اس حساس صورت حال پر بر وقت قابو نہ پایا گیا تو خوردنی تیل کی فصل نہ صرف پیداوار میں کمی کے باعث کسان کشی و استحصال کا باعث ہو گی تو وہاںتیل کی ملکی ضرورت، غذا میں بڑھتے روغنیات کے استعمال سے خوردنی تیل کی طلب و رسد میں عدم توازن و قلت سے دوچار کر سکتا ہے۔ سورج مکھی کا بیج جس میں اعلیٰ کوالٹی میں چالیس فیصد سے زائد آئل پایا جاتا ہے بیماریوں کے حملہ کی وجہ سے پیداواری صلاحیت کھو دتیا ہے۔ میری حکام بالا سے گزارش ہے کہ ٹڈی دل کے عفریت سے نجات کیلئے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کیے جائیں۔ دوست ملک ترکی نے ٹڈی دل کے خاتمے کیلئے جہاز اور ادویات بجھوائیں تھیں مناسب ہو گا حکو مت ترکی کی امداد کے بروقت استعمال سے ٹڈی دل کا خاتمہ کرے تاکہ سورج مکھی کی فصل کو بچا کر خوردنی تیل کی درآمد پر خرچ ہونے والا قیمتی زرمبادلہ بچایا جا سکے۔ ( امتیاز یٰسین فتح پور)