بوسان( شوبز ڈیسک) پاکستان کے مایہ ناز اداکار وہدایت کار سرمد کھوسٹ کی فلم’’زندگی تماشا‘‘ بوسان انٹرنیشنل فلم فیسٹیول میں ایوارڈ حاصل کرنے میں کامیاب ہوگئی۔ سرمد کھوسٹ کی پنجابی فلم’’زندگی تماشا‘‘ نے جنوبی کوریا کے شہر بوسان میں منعقد ہونے والے فلم فیسٹیول میں کم جی سیوک ایوارڈ حاصل کیا ہے ۔ یہ ایوارڈ صرف پاکستانی فلم کو نہیں بلکہ بھارتی ہدایت کار پردیپ کرباہ کی فلم ’’مارکیٹ‘‘کو بھی مشترکہ طور پر دیا گیا ہے ۔ یہ ایوارڈ فیسٹیول کے مشترکہ بانی اور ایگزیکٹیو پروگرامر کم جی سیوک کے 2017 میں دنیا سے گزر جانے کے بعد ان کے نام پر متعارف کرایاگیا تھا اور ہر سال ایشیا کی بہترین فلم کو دیا جاتاہے ۔ فلم میں مرکزی کردار ادا کرنے والے اداکار عارف حسن کے مطابق فلم کی کہانی ایک نعت خواں کے گرد گھومتی ہے جس سے ایک غلطی ہوجاتی ہے بعد ازاں اس غلطی کو اتنا بڑھا چڑھا کر پیش کیا جاتا ہے کہ اس کی زندگی تماشا بن کر رہ جاتی ہے ۔