مکرمی! پچھلے چند مہینوں سے لاہور شہر میں ڈکیتی کی وارداتوں ا ور سٹریٹ کرائم میں اضافہ دیکھنے کو آیا ہے۔ اب جبکہ کرونا وائرس کی وجہ سے ملک میںلاک ڈائون چل رہا ہے اور پولیس کے جوان شہربھر کی اہم سڑکوں پر اس صورتحال کو کنٹرول کرنے میں مصروف نظر آتے ہیں۔ لوگوں کو گھروں تک محدود کرنے کیلئے گلی محلوں میں رات گئے سٹریٹ لائٹس بند کر دی جاتی ہیں جس کا فائدہ اٹھاتے ہوئے ایسے علاقوں میں اسلحہ کے زور پر موبائل ، نقدی اور دوسری قیمتی چیزیں لوٹنے کی وارداتیں بڑھ گئی ہیں جنہیں پولیس روکنے میں ناکام نظر آتی ہے۔ میری پولیس کے اعلیٰ حکام سے گزارش ہے کہ موجودہ صورتحال کے ساتھ ساتھ گلی محلوں میں بھی پولیس گشت بڑھایا جائے تاکہ ایسی وارداتوں کا سدباب کیا جا سکے۔ ( شبیر احمد، ملت روڈ فردوس پارک لاہور )