کراچی ،پشاور،لاہور، اسلام آباد (سٹاف رپورٹر ،اپنے نیوز رپورٹر سے ،نامہ نگار، مانیٹرنگ ڈیسک ) احتساب عدالت نے آمدن سے زائد اثاثہ جات بنانے کے الزام میں گرفتار سپیکر سندھ اسمبلی آغا سراج درانی کے مزید جسمانی ریمانڈ کی نیب کی درخواست مسترد کردی ۔عدالت نے سپیکر سندھ اسمبلی آغا سراج درانی کو 26 اپریل تک جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا۔ آئندہ سماعت پر ریفرنس جمع کرانے کا حکم دیا ہے ۔ جمعہ کو سماعت کے موقع پر آغا سراج درانی کو احتساب عدالت میں پیش کیا گیا۔ملزم کے وکیل عامر نقوی نے اپنے دلائل میں کہانیب معاشرے کوتباہ کررہاہے ۔ ایسا تو قبائلی علاقوں میں بھی نہیں ہوتا ۔نیب پراسیکیوٹرنے مزید 15 دن کے ریمانڈ کی درخواست دائر کی تاہم عدالت نے نیب کی درخواست مسترد کردی اور آغا سراج درانی کو عدالتی ریمانڈ پر جیل بھیج دیا۔صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے آغا سراج درانی کا کہنا تھا کہ انہیں نیب کی تحویل میں ڈیڑھ ماہ ہو گیا۔ وہی بتا سکتے ہیں انہوں نے ابتک کیا حاصل کیا۔ اس سے پہلے آغا سراج درانی سے ڈاکٹر عاصم اور پیر مظہرالحق نے ملاقات کی۔ خیریت دریافت کی اور گلے لگا کر تسلی بھی دی۔ ادھر سندھ ہائیکورٹ نے آغا سراج درانی کی درخواست ضمانت پر نیب سے چوبیس اپریل تک جواب طلب کرلیا ہے ۔جعلی بنک اکاؤنٹس کیس میں شریک ملزم زین ملک احتساب عدالت اسلام آباد میں پیش ہوئے ، حاضری لگائی او ررجسٹرڈ پر دستخط کئے ۔ جج ارشد ملک نے کیس کی سماعت 16 اپریل تک ملتو ی کر دی ۔16 اپریل کو آصف زرداری سمیت 30 شریک ملزمان پیش ہونگے ۔احتساب عدالت اسلام آباد میں نندی پور ریفرنس میں استغاثے کے دوسرے گواہ سید عابد پر جرح مکمل کرلی گئی ، عدالت نے تیسرے گواہ شاہد علی کو طلب کرلیا ۔ کیس کی سماعت 17 اپریل تک ملتوی کر دی گئی۔دوران سماعت ڈاکٹر بابر اعوان کمرہ عدالت میں موجود رہے ۔ احتساب عدالت میں سابق وزیر اعظم نواز شریف کے پرنسپل سیکرٹری فواد حسن فواد پر آمدن سے زائد اثاثہ جات کیس میں فرد جرم عائد نہ ہو سکی ، کیس کی سماعت 26اپریل تک ملتوی کر دی گئی ۔ احتساب عدالت نے سابق وزیر اعظم راجہ پرویز اشرف کیخلاف گیپکو میں غیر قانونی بھرتیوں کیس کی سماعت 24اپریل تک ملتوی کر دی ۔ راجہ پرویز اشرف بیماری کے باعث عدالت میں پیش نہیں ہوئے ۔ نیب کی حراست میں شریف فیملی کے مبینہ فرنٹ مین مشتاق چینی نے علاج معالجے اور گھر سے کھانا لانے کیلئے درخواست دائر کر دی۔ احتساب عدالت نے نیب کو قانون کے مطابق اقدامات کرنے کا حکم دیتے ہوئے درخواست نمٹا دی۔احتساب عدالت نے آن لائن ٹریڈ کے نام پر لوگوں کے کروڑوں روپے لوٹنے کے کیس میں ملوث ملزم غلام مصطفی کے جوڈیشل ریمانڈ میں مزید 14 دن کی توسیع کر دی۔ احتساب عدالت نے نندی پور پاور پراجیکٹ میں 22 کروڑ روپے کے فرنس آئل چوری کیس میں 5 ملزمان کے جوڈیشل ریمانڈ میں 7 روز کی توسیع کر دی۔عدالت نے ملزمان شبیر حسین، رانا مہتاب، قیصر عباس وغیرہ کو 19 اپریل کو دوبارہ پیش کرنے کا حکم دیا ہے ۔ احتساب عدالت میں گجرات پولیس فنڈز میں کروڑوں کی کرپشن میں گرفتار سابق ڈی پی اوز رائے اعجاز، کامران ممتاز و دیگر ملزمان کیخلاف کیس کی سماعت جج نجم الحسن بخاری کے رخصت پر ہونے کے باعث ملتوی کردی گئی۔احتساب عدالت پشاور کی جج منیرہ عباسی نے پشاور ناصر باغ روڈ پر قائم غیر قا نونی ہائوسنگ سوسائٹی کے تین مالکان شہزاد علی ، سید عارف اور سلمان فدا کے اثاثے منجمدکرنے کی نیب کے اقدام کی توثیق کردی۔نیب راولپنڈی نے اسلام آباد کی احتساب عدالت میں مضاربہ سکینڈل میں ایک اور ریفرنس دائر کر دیا ۔ ریفرنس میں عبدالرحمان غازی سمیت 3 ملزمان نامزد ہیں ،ملزمان پر شہریوں کو کاروبارکا جھانسہ دے کر لوٹنے کا الزام ہے ۔ملزم عبدالرحمان جوڈیشل ریمانڈ پر پولیس تحویل میں ہے ۔اسے 29 اپریل کو احتساب عدالت میں پیش کیا جائیگا۔ اسلام آباد (نامہ نگار،لیڈی رپورٹر،92 نیوز رپورٹ، نیوزایجنسیاں )نیب نے اسلام آبادہائیکورٹ میں سابق صدر اور پیپلزپارٹی کے شریک چئیرمین آصف زرداری کی عبوری ضمانت مسترد کرنے کی درخواست دائر کردی اور ان کیخلاف جاری تحقیقات کی تفصیلات سے متعلق جواب بھی جمع کرا دیا۔ جمعہ کو جمع کرائے گئے جواب میں نیب نے کہاکہ اگر سابق صدر کو گرفتار نہیں کیا گیا تو وہ ریکارڈ میں رد و بدل کرسکتے ہیں۔نیب نے آصف زرداری پر تحقیقاتی ٹیم کیساتھ تعاون نہ کرنے کا الزام بھی عائد کیا۔ نیب نے کہا کہ آصف زرداری کے ہاتھ صاف نہیں، وہ کسی ریلیف کے مستحق نہیں۔ انہوں نے اس عدالت کو گمراہ کیا ،ضمانت قبل از گرفتاری کی درخواست مسترد کی جائے ۔نیب نے کہاکہ آصف زرداری نے دیگر ملزمان کی ملی بھگت سے نیشنل بینک سے ڈیڑھ ارب کا قرض لیا۔ آصف زرداری نے دھوکہ دہی سے فرنٹ کمپنی پیرتھینون بنائی۔نیب نے استدعا کی کہ پارک لین کمپنی میں آصف زرداری کی ضمانت مسترد کی جائے ۔ یہ الزام بھی عائد کیا گیا کہ آصف زرداری نے سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی کیساتھ ملکر متحدہ عرب امارات اور لیبیا کی حکومتوں کی جانب سے تحفے میں دی گئی3 بلٹ پروف گاڑیاں، 2 بی ایم ڈبلیو اور ایک ٹویوٹا لیکسز غیرقانونی طریقے سے حاصل کی تھیں۔ آصف زرداری نے مذکورہ گاڑیوں پر 3 کروڑ 71 لاکھ 60 ہزار روپے ڈیوٹی کی مد میں جعلی اکاؤنٹس سے چیک کے ذریعے ادا کیے تھے ۔ یاد رہے اسلام آباد ہائیکورٹ نے جعلی بینک اکاؤنٹس کیس میں آصف زرداری اور ان کی ہمشیرہ فریال تالپور کی عبوری ضمانت میں 29 اپریل تک توسیع کی تھی۔جعلی بنک اکاؤنٹس کیس میں گرفتاری سے بچنے کیلئے مزید4ملزمان نے اسلام آباد ہائیکورٹ سے رجوع کرلیا۔گذشتہ روز راحیل مبین ، کرسٹوفر سٹیون،غضنفر احسن اور محمد ناصر کی طرف سے دائرالگ الگ درخواستوں میں چیئرمین نیب اورڈی جی راولپنڈی کوفریق بناتے ہوئے کہاگیا کہ نیب جعلی اکاؤنٹس کیس کی تحقیقات کررہاہے اورریفرنس سماعت کیلئے احتساب عدالت میں دائربھی کردیاگیاہے ، استدعاہے کہ ضمانت قبل ازگرفتاری منظورکی جائے اورسماعت مکمل ہونے تک نیب کو گرفتاری سے روکاجائے ۔یادرہے اس سے پہلے آصف زرداری، فریال تالپور اور قائم علی شاہ کی بھی ضمانت قبل از گرفتاری کی درخواستیں زیر سماعت ہیں۔