اسلام آباد(خصوصی نیوز رپورٹر؍ مانیٹرنگ ڈیسک)وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ حکومت کے سربراہان اور وزیر کرپٹ ہوں تو ملک مقروض اوردیوالیہ ہوجاتے ہیں۔وزیراعظم نے اپنے ٹویٹ میں کہا کہ جب نچلی سطح کے حکام رشوت لیتے ہیں تو اس سے عام شہریوں کیلئے مسائل پیدا ہوتے ہیں کیونکہ رشوت کا پیسہ ایک طرح سے ان پر محصول کی مانند ہے مگرجب سربراہانِ ریاست/حکومت اور انکے وزرا بدعنوان ہوتے ہیں توملک قرض کی دلدل میں دھنس جاتے ہیں اور انکا دیوالیہ نکل جاتا ہے ۔ وزیراعظم نے ایک اور ٹویٹ میں کہا ہے کہ عالمی یوم ماحول جسکی میزبانی پاکستان نے کی اور جو ماحولیاتی تنزلی کیخلاف ہمارے عزم کاعکاس ہے ،اس کے حوالے سے ٹھوس پیغام پر چین کے صدر ژی کامشکور ہوں،ہم ماحولیاتی تغیرات،حیاتیاتی تنوع کے انحطاط کیخلاف انکی قیادت اورماحولیاتی نظام کی بحالی کیلئے انکی تعاون کی پیشکش کوقدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔