لاہور(خبرنگارخصوصی)صوبائی وزیر صنعت وتجارت میاں اسلم اقبال سے پنجاب سرمایہ کاری بورڈ کے دفتر میں اوبر کمپنی کے انٹر نیشنل افیئرز کے سربراہ میتھیو ڈیولن (Mr۔ Matthew Devlin)نے ملاقات کی اوراوبرکمپنی کی پنجاب میں سرمایہ کاری،کمپنی کو درپیش مسائل اور آئندہ کے پروگراموں کے بارے میں آگاہ کیا۔کمپنی کے نیشنل افیئرز کے سربراہ نے بتایا کہ اوبرکمپنی پنجاب میں اپنی سرمایہ کاری بڑھانا چاہتی ہے ۔پنجاب میں بس سروس اورایمبولینس سروس شروع کرنے کا بھی ارادہ رکھتی ہے ۔انہوں نے بتایا کہ سرمایہ کاری کے ذریعے 5لاکھ روزگار کے مواقع پیدا کرنے کا ہدف حاصل کرنا چاہتے ہیں۔صوبائی وزیر میاں اسلم اقبال نے اس موقع پرگفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اوبر کمپنی کی سرمایہ کاری کا خیرمقدم کرتے ہیں۔کمپنی کو سرمایہ کاری بڑھانے کے لئے ہر ممکن تعاون کریں گے اوراوبر کمپنی کے مسائل بھی حل کئے جائیں گے ۔انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت صوبے میں معاشی وکاروباری سرگرمیاں بڑھانے کے لئے جامع پروگرام پر عمل پیرا ہے ۔صوبائی وزیر نے ہدایت کی کہ اوبر کمپنی کے نمائندوں کی صوبائی وزیر ٹرانسپورٹ اورمحکمہ ٹرانسپورٹ کے حکام سے ملاقات کا اہتمام کیا جائے ۔انہوں نے کہا کہ صوبے میں سرمایہ کاری کوفروغ دے کر روزگار کے مواقع بڑھانا ہماری حکمت عملی ہے اور اس حکمت عملی پر پوری طرح عمل کیا جارہا ہے ۔