نئی دہلی ، اسلام آباد ( نیٹ نیوز، خصوصی نیوز رپورٹر) پاکستان نے بھارتی وزیر داخلہ کی جانب سے سرجیکل سٹرائیک کے گمراہ کن بیان کو مسترد کردیا اور بھارت کی گیدڑ بھبکی کا منہ توڑ جواب دے دیا، ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ دھوکہ دہی پر مبنی بیان سے بھارتیہ جنتا پارٹی اور راشٹریہ سیوک سنگ کی ذہنیت واضح ہوتی ہے ۔ بھارتی وزیر داخلہ امیت شاہ نے پاکستان میں نام نہاد "سرجیکل سٹرائیکس" کی دھمکی دی ۔ ترجمان دفتر خارجہ نے جواب میں کہا بی جے پی، آر ایس ایس اتحاد نظریاتی، سیاسی وجوہات کی بنا پر علاقائی کشیدگی کو ہوا دینا چاہتا ہے ، یہ انتہا پسند اتحاد پاکستان دشمنی پر مبنی ہے ، بیانات بھارت کی ریاستی دہشت گردی سے دنیا کی توجہ ہٹانے کی کوشش ہے ۔ بھارت مقبوضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں چھپانا چاہتا ہے ۔ ہندوستان کا پروپیگنڈہ جھوٹ اور دھوکہ دہی پر مبنی ہے ۔ پاکستان امن پسند ملک تاہم کسی بھی جارحیت کا موثر جواب دینے میں کوئی کسر نہیں چھوڑے گا۔ پاکستان نے بھارت کے 2019 کے بالاکوٹ کی ناکام مہم جوئی کا فوری جواب دیا۔ہندوستانی جنگی طیارہ مار گرایا، بھارتی فضائیہ کا پائلٹ گرفتار کیا۔ پاک افواج نے بھرپور صلاحیت اور تیاری سے بھارتی جارحیت ناکام بنائی۔ قبل ازیں بھارتی وزیر داخلہ امیت شاہ نے کہا کہ وزیر اعظم مودی اور سابق وزیر دفاع منوہر پاریکر کی نگرانی میں کی گئی سرجیکل سٹرائیک ایک اہم قدم تھا۔ ہم نے یہ پیغام دیا کہ کوئی بھی بھارتی سرحدوں کے اندر کسی کو بھی پریشان نہیں کرسکتا ۔ ایک وقت تھا بات چیت کرنے کا، لیکن اب وقت ہے ردعمل کا۔امیت شاہ نے وارننگ دیتے ہوئے کہا ہے کہ اگرپاکستان نے جموں وکشمیر میں دہشت گردانہ سرگرمیوں کو اسی طرح بڑھاوا دیا اور شہریوں کے قتل میں مدد فراہم کی تو اسے ایک اور سرجیکل سٹرائیک کا سامنا کرنا پڑے گا۔