سردیوں کا آغازہوچکاہے،ہمارے ہاں جہاں موسم گرما شدیدترہوتا ہے وہیں موسم سرما بھی کچھ کم نہیں ہوتا۔ گھرکوگرم رکھنے کے لئے جدیددور کے ماہرین تعمیرات اور صارفین دوران تعمیرہی سائنسی بنیادوں پرتوانائی کی بچت پرتوجہ دیتے ہیں جس سے سردویوں میں گھرکوگرم اورگرمیوں میں ٹھنڈا رکھنا آسان ہوتا ہے۔

شاخ تراشی کریں

اگر آپ کے گھر میں درخت اور بیل بوٹے وغیرہ ہیں تو خزاں کی آمد کے ساتھ ہی شاخ تراشی ضرورکریں۔ اس طرح آپ خزاں کی وجہ سے گرتے پتوں کو بار بار صاف کرنے سے نجات حاصل کریں گے۔ اور سردیوں میں چونکہ سائے کی ضرورت نہیں ہوتی، اس لئی دھوپ سینکنے کا لطف اٹھا سکیں گے۔ اس کے ساتھ درختوں اورجھاڑیوں پر شبنم جمی رہتی ہے جو سخت سردی میں برف بھی بن جاتی ہے۔ درختوں کی صحت کے لئے بھی سالانہ شاخ تراشی ایک مفید اور آزمودہ عمل ہے۔ اور باغبانی کے ماہرین کا مشورہ بھی۔

چھت اور زیر فرش تپش کا نظام

روس اور مشرقی یورپ جیسے سرد ترین خطوں کے نقطہ انجماد سے گرے ہوئے درجہ حرارت کو بڑھانے کے لئے میں چھتوں اور فرش میں گرم پانی کو پائپوں اور موٹرکی مدد سے گھمایاجاتا ہے۔ لیکن نئی ٹیکنالوجی کی مدد سے یہی کام بجلی کے ہیٹرکی مدد سے بھی کیا جاسکتا ہے۔ جبکہ شمسی نظام بھی متعارف ہوچکے ہیں۔ اور سولر پینل کی مدد سے پانی گرم کرنے کی بات تو اب نئی نہیں رہی۔آپ بھی اپنے گھر میں یہ طریقہ کار استعمال کر سکتے ہیں۔

فرش کو ڈھانپ دیں

گھرکے تمام قابل استعمال فرش کو قالین کی مدد سے ڈھانپ کررکھیں تاکہ ٹھنڈے فرش کی ناگواری کو کم کیاجاسکے خصوصا ماربل کے فرش سردیوں میں بہت زیادہ ٹھنڈے ہوجاتے ہیں۔

مرمت اور صفائی

ہر موسم کی آمد سے پہلے گھرمیں ضروری ترمیم و اضافہ کرنا پڑتا ہے۔ سردیوں میں کوشش کریں کہ ایسی کھلی جگہوں اور سوراخوں کو بند کردیں جن سے سرد ہوائوں کے داخل ہونے کا امکان ہو۔ الرجی اورزکام کی صورت میں ایسی ہوائیں نقصان دہ ثابت ہوسکتی ہیں خصوصا شیرخوار بچوں کے لئے۔

لیونگ روم کا آتش دان

سردیوں میں خاندان کا کسی مرکزی کمرے میں اجتماع اور دادی اماں کی کہانیاں تو اب شاید میسرنہ ہوں لیکن دیوان خانے کوگرم رکھنے کے لئے آتش دان ایک مفید اور آزمودہ طریقہ ہے۔ جو روایت کے ساتھ ساتھ خوبصورتی کا زریعہ بھی ہے۔

قدرتی توانائی

دن کے وقت کمروں کوگرم رکھنے کے لئے سورج کی توانائی سے ہرممکن استفادہ کریں۔ دھوپ سینکنے سے صحت پربھی اچھا اثرپڑتا ہے۔ ضروری کام جو آپ دھوپ میں بآسانی کرسکتے ہیں، ضرور دھوپ میں بیٹھ کر کریں اور گھرکے ٹھنڈمیں بیٹھ کر ٹھنڈ سہنے سے بہترہے کہ جوکام آپ باہر جاکر دھوپ میں کرسکتے ہیں، انکے لئے ضرورباہرجائیں۔ اس طرح صحت پربھی اچھا اثرپڑتا ہے۔ سورج کی براہ راست روشنی کمرے میں آنے دیں اورشیشوں سے پردے ہٹا دیں۔